نلگنڈہ گریجویٹ نشست کیلئے ٹی آر ایس امیدوار راجیشورریڈی کا پرچہ نامزدگی داخل

   


حامیوں کی زبردست ریالی، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد۔ نلگنڈہ، کھمم اور ورنگل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے ٹی آر ایس امیدوار کے طور پر پی راجیشور ریڈی نے آج پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نلگنڈہ میں زبردست ریالی کے ذریعہ راجیشور ریڈی ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے اور کاغذات نامزدگی حوالے کئے۔ اس موقع پر ریاستی وزراء جگدیش ریڈی، پی اجئے کمار، ای دیاکر راؤ، ستیہ وتی راتھوڑ، رکن پارلیمنٹ بی لنگیا یادو، ارکان مقننہ بھوپال ریڈی، سیدی ریڈی، دھرما ریڈی، کے راجیا، شنکر نائیک اور پارٹی سینئر قائدین موجود تھے۔ راجیشورریڈی کی ریالی میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا۔ اس موقع پر راجیشور ریڈی نے کہا کہ وہ ترقی کے ایجنڈہ کے ساتھ انتخابی میدان میں ہیں۔ گذشتہ کی طرح تینوں اضلاع کے رائے دہندے انہیں دوبارہ کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے اور رائے دہندے ان پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سرکاری اداروں کو خـانگی شعبہ کے حوالے کرتے ہوئے روزگار کے مواقع کم کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ چھ برسوں میں ایک لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کئے۔ گریجویٹ اور دیگر تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے سرکاری محکمہ جات میں تقررات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر بہت جلد تقررات کئے جائیں گے۔ ریاستی وزراء نے ٹی آر ایس کے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین، اساتذہ اور بے روزگار نوجوانوں کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس کو کامیاب کرنے کی ضرورت ہے۔