نمائش حیدرآبادی تہذـیب کا حصہ ‘ سیاحت و خریداری شہریوں کا محبوب مشغلہ

   

82 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح ۔ ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ اور جناب محمد محمود علی کا اظہار خیال

حیدرآباد۔1۔جنوری(سیاست نیوز) ’نمائش ‘ حیدرآباد کی تہذیب کا حصہ بن چکی ہے اور جنوری و فروری کے دوران نمائش کی سیاحت اور خریداری شہریان حیدرآباد کا محبوب مشغلہ ہے۔ آن لائن خریدی کے دور میں نمائش کی اہمیت اور انفرادیت کی برقراری اس کی خصوصیت ہے۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے 82ویں کل ہند نمائش کی افتتاحی تقریب سے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل دور میں ایک کلک پر خریداری کے اس دور میں بھی نمائش کی انفرادی اہمیت برقرار ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ 8دہائیوں تک کوئی سالانہ نمائش برقرار رہنا اس کی کامیابی کی دلیل ہوتی ہے۔ انہوںنے سوسائیٹی ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی محنت اور جستجو سے ہر سال نمائش کامیابی سے منعقد ہوتی ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو اور وی پرشانت ریڈی مہمان اعزازی تھے ۔ صدر سوسائیٹی ہریش راؤ نے بتایا کہ جاریہ سال نمائش میںحفاظت کے علاوہ تاجرین کی سہولت کے اقدامات کئے گئے ہیں اور نمائش آنے والوں کیلئے بہتر سہولتوں کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نمائش کے منظم اور بہتر انداز میں انعقاد کے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ آصفیہ دور میں ملک بھر کے صنعتکاروں کو اپنی مصنوعات کی فروخت کیلئے پلیٹ فارم کی فراہمی اور نمائش کا موقع فراہم کرنے اس نمائش کا آغاز کیا گیا تھا اور بتدریج اس میں ملک بھر کے صنعتکاروں نے حصہ لینا شروع کیا اور آج بھی ملک کے کونے کونے سے شہر کی اس نمائش میں تجارت کیلئے صنعت کار و تاجرین پہنچتے ہیں اور انہیں مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا کیونکہ شہر میں سیر و تفریح کے ساتھ خریداری کیلئے بھی بڑی تعداد میں لوگ نمائش پہنچتے ہیں۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ نمائش کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے میں مکمل تعاون کیا جا رہاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مالس کے دورمیں نمائش کی برقراری اور عوامی دلچسپی کے سبب وہ بھی ’نمائش ‘ کو بہترین تفریح و خریداری کا موقع تصور کرتے ہیں۔ نمائش سوسائیٹی ذمہ داروں اشون مارگم نائب صدر ‘ سیکریٹری وی سائی ناتھ دیاکر شاستری کے علاوہ پاپیا چکرورتی اور دانم سریندر و انتظامی کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔ وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادونے 82 ویں کل ہند صنعتی نمائش کے افتتاح کا اعلان کیا ۔مسٹر اشون مارگم نے نمائش میں سہولتوں و انتظامات اور نمائش سے آمدنی کو لڑکیوں کی تعلیم کیلئے خرچ کئے جانے کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔م