ورنگل میں عرس کے موقع پر انعامات کی تقسیم، حضرت شاہ غوث احمد کا خطاب
ورنگل۔ 11ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انتظامی کمیٹی ایڈیڈ اسلامیہ ہائی اسکول شیر پورہ ورنگل اور اساتذہ و معلمات کی جانب سے بانی اسلامیہ حضرت سید شاہ محمد حسینی قبلہ ؒ کے 106واں عرس مبارک کے موقع پر مدرسہ میں محفل درود،تقریری اور نعتیہ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس پروگرام کی صدارت محمد عبدالخالق تنویر صدر مدرس اسلامیہ ہائی اسکول شیر پورہ ورنگل نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سیسجادہ نشین و متولی حضرت شاہ غوث احمد محمودی( درگاہ حضرت حاجی صاحب قبلہ ؒ) نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔طلباء نے حمد و نعت پیش کیا بعد ازاں سجادہ نشین و متولی حضرت شاہ غوث احمد محمودی کے ہاتھوں مستحق طلباء و طالبات میںانعامات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر سجادہ نشین و متولی حضرت شاہ غوث احمد نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ نماز اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ سے بندے کا براہِ راست تعلق قائم کرتی ہے اور انسان کے دل میں اللہ کا خوف، محبت اور شکر پیدا کرتی ہے۔پانچ وقت کی نماز کی پابندی مسلمان کے لیے نہایت اہم ہے۔ نماز صرف عبادت ہی نہیں بلکہ روحانی سکون اور دل کے اطمینان کا ذریعہ بھی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نماز اللہ تعالیٰ کی نعمت اور اپنے رب سے ملاقات کا بہترین موقع سمجھ کر وقت پر ادا کریں۔ اس موقع پر صدر مدرس ایم اے کے تنویر نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ علم انسان کی زندگی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اس موقع پراساتذہ و معلمات صاحبین طلباء و طالبات کی جانب سے چادر گل ،فاتحہ خوانی ،سلام و دعا کا نذرانہ پیش کیا گیا۔اس متبر ک موقع پر مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے منعقدہ تقریری ،تحریری و نعتیہ مقابلہ جات میں انعام اول ،انعام دوم ،انعام سوم کے مستحق طلباء و طالبات کو بھی سجادہ نشین و متولی کے ہاتھوںسند و انعامات تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر خواجہ محمود شریف طاہر ،محمد نعیم الدین ،محمد محمود حسین ،عفت فاطمہ ،عشرت بانو ،خواجہ بدر الزماں ،حسینہ بیگم ،طیبہ فاطمہ ،محمد انکشاف حسین کے علاوہ طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔