نمازوں سے قبل سعودی عرب میں 90 ہزار مساجد کو سینیٹائزر کیا گیا

,

   

ریاض۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ادارہ امور اسلامی نے کہا ہے کہ ملک میں 90 ہزار سے زائد مساجد میں سینیٹائزنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔مکہ کے علاوہ سعودی عرب کے تمام شہروں اور قصبوں میں مساجد نماز باجماعت کے لیے اتوار سے کھول دی گی۔وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مساجد کی اصلاح و مرمت کے ساتھ وہاں سینیٹائزنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔احتیاطی تدابیر پر مشتمل معلوماتی بورڈز بھی مساجد کے باہر نصب کردیے گئے ہیں تاکہ نماز کے لیے آنے والے ان پر عمل کریں۔ وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وبائی مرض کورونا سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تقاضے کے تحت نماز باجماعت پر عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی تھی جو ختم ہوگئی تاہم مساجد میں آنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔وزارت اسلامی امور نے مساجد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خصوصی طورپر4 ہزار نگران عہدیداروں کو تعینات کیا ہے جو اس امر کا جائزہ لیں گے کہ کہاں کن اشیا کی کمی ہے۔مساجد کے نگران خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لے کر روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ وزارت اسلامی امور کو بھیجیں گے جس کی روشنی میں مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔