نماز تراویح گھروں میں باجماعت ادا کی جائے جامعہ نظامیہ کا فتویٰ

   

حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) جنوبی ہند کی عظیم درسگاہ جامعہ نظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح کے گھروں میں جماعت کے ساتھ اہتمام کے حق میں فتوی جاری کیا ہے۔ صدر مفتی مولانا مفتی محمد عظیم الدین نے آج 16 اپریل کو اس سلسلہ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وبائی امراض کے پیش نظر ترک جماعت کا عذر برقرار ہے اور عذر کی وجہ جماعت ترک کرنا گناہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں بھی پنجوقتہ نمازوں کا با جماعت اہتمام کرنا درست ہے۔ نماز تراویح کی جماعت سنت موکدہ نہیں سنت کفایہ ہے۔ ممکن ہو کہ گھروں میں اس کی جماعت کا اہتمام کیا جائے ورنہ عذر کے رہتے ہوئے اس کو تنہا بھی پڑھ سکتے ہیں۔ اس مسئلہ کے سلسلہ میں سوال کیا گیا تھا کہ موجودہ صورتحال میں وبائی امراض کی وجہ سے افرا تفری کا عالم ہے۔ انسان کے دوسرے سے ملنے پر حکومت کی سخت روک کی وجہ سے علمائے امت نے ترک جماعت کا جواز بھی پیش کیا ہے۔ چوں کہ رمضان المبارک قریب اور نماز تراویح کا رواج بھی ہے لہٰذا مذکورہ احوال میں نماز تراویح کا عمل کس طرح اختیار کیا جائے؟