نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کا چومحلہ پیالیس میں کل آخری دیدار

,

   

چہارشنبہ کو مکمل سرکاری اعزازات کیساتھ تجہیز و تکفین ،بعدعصرنماز جنازہ اورمسجد کے صحن میں واقع مقبرہ ٔ آصف جاہی سلاطین کے پہلو میں تدفین کا انتظام

حیدرآباد۔16جنوری(سیاست نیوز) آصف ثامن نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کے آخری سفر کی تیاریوں کا شہر حیدرآباد میں آغاز کردیا گیا ہے اورچومحلہ پیالیس میں آخری فرمانرواں ریاست دکن حیدرآباد کی نعش کو آخری دیدار کے لئے رکھا جائے گا۔ مکرم جاہ بہادر کی تدفین تاریخی مکہ مسجد کے صحن میں واقع مقبرۂ آصف جاہی سلاطین میں ان کے والد نواب میر حمایت علی خان اعظم جاہ کے پہلو میں انجام دینے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔مشیر برائے ریاستی حکومت جناب عبدالقیوم خان کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے آج چومحلہ پیالس خلوت مبارک میں شہزادی اسریٰ جاہ کے علاوہ نظام ٹرسٹ کے ٹرسٹیز جناب فیض خان اور دیگر سے ملاقات کرتے ہوئے مکرم جاہ بہادر کی تجہیز و تکفین کے انتظامات کے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔ جناب عبدالقیوم خان نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ تجہیز و تکفین کے انتظامات کی ہدایت کے بعد عہدیداروں نے مکرم جاہ بہادر کے جسد خاکی کی آمد اور اسے عوام کے آخری دیدار کے لئے رکھے جانے کے علاوہ ان کے جلوس جنازہ اور نماز جنازہ کے ساتھ ساتھ تدفین کے متعلق منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 17جنوری بروز منگل کی شام مکرم جاہ بہادر کا جسد خاکی استنبول سے حیدرآباد لایا جائے گا اور 18 جنوری کی صبح سے دوپہر ایک بجے تک سابق فرمانرواں دکن کے جسد خاکی کو عوامی دیدار کے لئے رکھا جائے گا ۔بعد ازاں ان کا آخری سفر شروع ہوگا جو مکہ مسجد پہنچ کرختم ہوگا ،جہاں بعد نماز عصر ان کی صلواۃ الجنازہ ادا کی جائے گی اور بعد ازاں صحن مسجد میں ہی ان کی تدفین عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چومحلہ پیالس سے نظام ثامن کے کے جلوس جنازہ کا مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ آغاز ہوگا اور مکہ مسجد میں تدفین کے وقت انہیں سلامی دی جائے گی۔ ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس کے علاوہ دیگرمحکمہ جات آصفجاہ ثامن کے جلوس جنازہ و تجہیز و تکفین کی تیاریوں کا آغاز کرچکے ہیں اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ آبرسانی کی جانب سے خلوت مبارک کی سڑک پر جاری تعمیراتیکاموں کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کررہے ہیںاور عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 17 جنوری کی شب سے قبل اس سڑک پر موجود رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے مرمتی کاموں کو مکمل کرلیں تاکہ جلوس جنازہ یا دیدار کے لئے پہنچنے والوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس اور خانوادۂ آصف جاہی کے ذمہ داروں نے جلوس جنازہ کے راستہ کو قطعیت دے دی ہے اور خانوادۂ کے مطابق جلوس جنازہ چومحلہ پیالس خلوت مبارک سے نکل کر براہپنچ محلہ مکہ مسجد پہنچے گا۔ جلوس جنازہ کا آغاز 18جنوری کو دوپہر 2بجے کیا جائے گا جو کہ عصر سے قبل مکہ مسجد پہنچ جائے گا۔ مکہ مسجد میں بعدنماز عصر نماز جنازہ ادا کی جائے گی خطیب و امام مکہ مسجد مولانا حافظ محمد رضوان قریشی مکرم جاہ بہادر کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔جناب فیض خان نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات بشمول محکمہ پولیس کی جانب سے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جا رہاہے اور حکومت کی ہدایت کے مطابق مکرم جاہ بہادرکی سرکاری اعزازات کے ساتھ تدفین مکمل کی جائے گی۔