نواز شریف اور آصف زرداری آدھا پیسہ واپس لائیں تو پاکستان کا قرض ختم ہوجائے گا، ہندوستان کا ریلوے کھربوں کمارہا ہے: عمران خان

,

   

راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے آج کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری خاندان اپنا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں تو ملک کا قرضہ ختم ہوسکتا ہے اور یہ جس کے چاہے پیر دبالیں میں کوئی این آر او نہیں دوں گا۔ وزیر اعظم پاکستان یہاں راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر سر سید ایکسپریس کا افتتاح انجام دینے کے بعد اپنے خطاب میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔خوشی ہوتی ہے جب آپ مجھے بار بار نئی ٹرین کا افتتاح کرواتے ہیں۔

مسٹر خان نے کہا کہ جس طرح آپ ریلوے کی ترقی کررہے ہیں عوام آپ کو دعائیں دیں گے۔ ریلوے غریب طبقہ افراد کے لئے بہترین سہولت ہے۔ اس میں ہزاروں بیروزگار نوجوانو ں کو نوکریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کا خسارہ اب چار ارب کم ہوا ہے۔ہندوستان کا ریلوے کھربوں کمارہا ہے اور ہمارا ریلوے نقصان میں جارہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک وسائل کی کمی سے غریب نہیں ہوتا کرپشن بدعنوانی سے غریب ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب چوروں کے بیرون ملک اربوں روپیو ں کی جائیدادیں ہیں، شریفوں اور زرداریوں کے گھروں کے بچے اور ان کے بچو ں کے بچے بھی اربوں کے مالک بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف او رزرداری خاندان اپنا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں توملک کا قرضہ ختم ہوجائے گا۔ جو مرضی چاہے کرلیں جنہوں نے ملک کو مقروض کیا ہے ان سے جواب لوں گا۔ میں قوم سے وعدہ کر کے آیا ہوں کہ کسی کو این آر او کی چھوٹ نہیں دوں گا جس کے چاہے آپ گھٹنے دبالیں۔