نواز شریف کوجیل میں مکیش کے نغموں کا کلکشن فراہم کیا جائے: شیخ رشید

,

   

لاہور۔/14 ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید نے ہفتہ کو کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں سات سال کی سزائے قید گذارنے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ہندوستان کے افسانوی گلوکار مکیش کے منتخب نغموں کا مجموعہ اور ایک ٹیپ ریکارڈر فراہم کیا جانا چاہیئے۔ 69 سالہ نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز کے مقدمہ میں مجرم قرار پائے جانے کے بعد 24 ڈسمبر 2018 سے قید کی سزاء بھگت رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے جولائی کے دوران اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر وہاں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان واپسی کے بعد اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں ایر کنڈیشنر یا ٹیلی ویژن فراہم نہ کیا جائے۔ عمران خان نے برجستہ یہ بھی کہا تھا کہ ’’ میں جانتا ہوں مریم بی بی ( نواز شریف کی دختر ) کچھ چیخ پکار کریں گی لیکن میں ان سے کہوں گا کہ … بس آپ رقم واپس کردیجئے۔ یہ ویسے ہی بالکل آسان ہے۔‘‘ نواز شریف کو ایر کنڈیشنر کی فراہمی سے متعلق عمران خان کے اس اعلان پر ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ’’ میں نواز شریف یا جیل میں قید کسی بھی دوسرے لیڈر کو ایرکنڈیشنر کی سہولت واپس لینے کے خلاف نہیں ہوں بجائے اس کے میں انہیں ( نواز شریف ) اور دوسروں کو ایک ٹیپ ریکارڈر اور مکیش کے نغموں کی فراہمی کے حق میں ہوں۔‘‘ نواز شریف جو تین مرتبہ وزیر اعظم رہ چکے ہیں‘ بالی ووڈ کے کلاسیکل نغموں کو کافی پسند کرتے ہیں اور موسیقی کا ذوق رکھتے ہیں۔