نواز شریف کی لندن میں ماہر ڈاکٹروں سے مشاورت

,

   

لندن ؍ اسلام آباد ۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کیلئے لندن میں ہیں جہاں انہوںنے آج ہارلے اسٹریٹ کلینک کے ماہر ڈاکٹروں سے مشاورت کی۔ مختلف امراض کا شکار نواز شریف کل ایئر ایمبولنس کے ذریعہ براہ قطر لندن روانہ ہوئے تھے۔ ایرایمبولنس انٹینسیو کیئر یونٹ اور آپریشن تھیٹر سے لیس تھی۔ 69 سالہ نواز شریف کا لندن میں آمد پر ان کے بیٹے حسین نواز نے خیرمقدم کیا۔ وہ اپنے بیٹے کے مکان واقع ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں قیام کریں گے۔ ایکسپریس ٹریبون نے یہ اطلاع دی۔ اطلاع کے مطابق نواز شریف کے فرزند نے کہا کہ والد کا علاج ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ پاکستان مسلم لیگ (نواز) پارٹی کے کئی حامیوں نے پارٹی صدر کا خیرمقدم کیا جو اپنے بھائی شہباز شریف اور شخصی فزیشن ڈاکٹر عدنان خان کے ساتھ لندن پہنچے تھے۔ امکان ہے کہ نواز شریف کو امریکہ کے شہر بوسٹن بھی لیجایا جائے گا۔ جہاں کے ایک ہاسپٹل میں ان کا پہلے ہی طبی جانچ کیلئے وقت لیا گیا ہے۔ نواز شریف کی لندن آمد پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے چونکہ ان کی اہلیہ بیگم کلثوم کی وفات کے بعد وہ پہلی مرتبہ لندن پہنچے ہیں۔ بیگم کلثوم کا علاج کے دوران کینسر کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔ نواز شریف کا ابتدائی علاج ان کے بیٹے حسن نواز کے فلیٹ میں ہی ہوگا جہاں ان کیلئے کمرہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کے مشورہ کے مطابق کمرہ میں تمام ضروری طبی آلات فراہم کئے گئے ہیں۔ ہیرلے اسٹریٹ کلینک کے دو ڈاکٹرس کو نواز شریف کی طبی جانچ کیلئے مقرر کیا گیا ہے جو ان کی طبی جانچ کے بعد مزید علاج سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق برطانیہ ڈاکٹرس مستقل طور پر نواز شریف کے شخصی فزیشن ڈاکٹر عدنان کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور انہیں ان کی طبی حالت سے متعلق واقف کرا رہے ہیں۔