نوجوانوں میں کار ریسنگ کا جنون، شہری پریشان و خوف کا شکار

   

دولت مند گھرانوں کے نوجوانوں کا شوق، پولیس کارروائی میں چھ افراد گرفتار
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) شہر میں موٹر سائیکلوں کے بعد اب کار ریسنگ کا جنون نوجوان نسل میں بڑھتا جارہا ہے۔ دولت مند خاندانوں سے وابستہ نوجوان لڑکے اپنے جنون کی تکمیل کیلئے عام شہریوں کیلئے پریشانی اور خوف کا سبب بن رہے ہیں۔ تاہم افسوس کہ پولیس شکایت کے باوجود بھی اس مسئلہ پر کارروائی سے گریز کررہی ہے لیکن کل رات ڈائیل 100 پر شکایت کے بعد حرکت میں آتے ہوئے پولیس نے کار ریسنگ کو ناکام بنادیا اور 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ نارسنگی علاقہ میں آئے دن کار ریسنگ کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے دولت مند گھرانوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان منصوبہ بند طریقہ سے نارسنگی پہنچتے ہیں اور یہاں کاروں کی دوڑ لگائی جاتی ہے۔ لگثرری اور امپورٹیڈ گاڑیوں کی دوڑ اور اس میں پیدا شدہ آوازیں اور خطرناک انداز کی دوڑ سے مقامی شہری خوف و دہشت کا شکار ہیں۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ کل رات دیر گئے حراست میں لئے گئے افراد کی پولیس نے تفصیل نہیں بتائی۔ جیسے ہی پولیس کی جانب سے گاڑیوں کو ضبط اور نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا پولیس پر دباؤ بڑھ گیا اور اثر و رسوخ و سیاسی قائدین کی جانب سے پولیس کو فون کال حاصل ہونے لگے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 6 افراد کو حراست میں لیتے ہوئے 6 کاریں ضبط کرلیں۔ حراست میں لئے گئے افراد کی شناخت سید ماجد حسین ، راکیش، نارائنا، رمنا، دھنراج اور منی کنٹھا کی حیثیت سے کرلی گئی لیکن ان کی مکمل شناخت کی پولیس نے توثیق نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر دن کے خوف سے تنگ آچکی عوام نے ڈائیل 100 پر فون کرتے ہوئے شکایت درج کرائی تھی۔ع