نوجوانوں کو راغب کرنے بی جے پی کا کرکٹ ٹورنمنٹ

   

مودی کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین کے نام پر ٹیموں کی تشکیل

لکھنؤ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات 2019ء میں اپنے اقتدار کو باقی رکھنے کیلئے اترپردیش بی جے پی کوئی کسر باقی رکھنے کے موڈ میں دکھائی نہیں دے رہی ہے جیسا کہ اس نے اب پارٹی سے نوجوانوں کے تعلق کو مستحکم کرنے کیلئے کرکٹ ٹورنمنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں بلاک سطح پر ٹیموں کے درمیان مقابلے منعقد کئے جائیں گے اور ان ٹیموں کا نام بی جے پی کے اہم قائدین کے نام پر رکھے جائیں گے جن میں نریندر مودی کا نام بھی شامل ہے۔ اس ٹورنمنٹ کو ’’کمل کپ کرکٹ پرتی یوگیتا‘‘ رکھا گیا ہے اور یہ 19 اور 20 جنوری کو منعقد ہوگا جس میں پارٹی کے کئی آفسوں کے عہدیدار اور دیگر نوجوان شرکت کریں گے جن میں خاص کر بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے علاوہ ایم ایل اے اور ایم پی پیز بھی شامل رہیں گے۔ ہر ضلع سے ایک ٹیم کے ذریعہ یہاں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی اور ہر ٹیم کو جو نام دیا جائے گا ان میں اٹل 11، نمو 11، پنڈت دین دیال اپادھیائے 11، سردار پٹیل 11، ڈاکٹر شیاما پرساد مکرجی 11، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام 11 اور شہید بھگت سنگھ 11 قابل ذکر ہیں۔ اترپردیش بی جے پی میڈیا کوآرڈینیٹر راکیش ترپاٹھی نے کہا کہ یہ کرکٹ ٹورنمنٹ محدود اوورس کا ٹورنمنٹ ہوگا جس کا مقصد کرکٹ کے ذریعہ نوجوانوں کو پارٹی سے قریب کرنا ہے۔