نومنتخب ارکان قانون ساز کونسل کی 15 اپریل کو حلف برداری

   

حیدرآباد۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گزشتہ ماہ ارکان اسمبلی، ٹیچرس اور گریجویٹ زمرہ کے تحت تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے منعقدہ انتخابات میں نومنتخب ایم ایل سیز جاریہ ماہ 15 اپریل کو رکنیت کا حلف لیں گے۔ کونسل کے دربار ہال میں حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔ گریجویٹ کوٹہ کے زمرہ میں کانگریس قائد ٹی جیون ریڈی، ٹیچرس کوٹہ کے زمرہ میں یونائٹیڈ ٹیچرس فیڈریشن قائد نرسی ریڈی اور پی آر ٹی یو قائد رگھوتم ریڈی نے کامیابی حاصل کی جبکہ ارکان اسمبلی کوٹہ کے زمرہ میں ٹی آر ایس سے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی، ایس سبھاش ریڈی، اے ملیشم اور شریمتی ستیہ وتی راتھوڑ کے علاوہ مجلس اتحادالمسلمین سے ریاض الحسن آفندی 15 اپریل بروز پیر تلنگانہ کونسل کی رکنیت کا حلف لیں گے۔ اگر کسی وجہ سے کوئی رکن کونسل 15 اپریل کو حلف نہ لے سکیں تو وہ بعد میں حلف لے سکیں گے۔