نومولود بچوں کو بھی آدھار کارڈ جاری کرنے چیف سکریٹری کی ہدایت

   

حیدرآباد 23 ڈسمبر ( این ایس ایس ) چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج بی آر کے آر بھون میں اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ہر شخص کو آدھار کارڈ کی اجرائی اور آدھار کو موبائیل سے مربوط کرنے کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ریاست میں ہر سال چھ لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں۔ نومولود بچوں کا آدھار کارڈ بھی فوری تیار کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور بہبودی خواتین و اطفال کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو آدھار کارڈ جاری کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے پرنسپل سکریٹری نے مطلع کیا کہ تمام زونس میں آدھار مراکز قائم کرنے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں اور نئے آدھار مراکز ان منڈلوں میں بھی قائم کئے جا رہے ہیں جہاں پہلے سے موجود نہیں ہیں۔ اس اجلاس میںانفارمیشن ٹکنالوجی ‘ داخلہ ‘ پنچایت راج ‘ محکمہ صحت ‘ سیول سپلائز اور دوسرے متعلقہ محکمہ جات کے اعلی عہدیداروں اور سکریٹریز نے بھی شرکت کی ۔