نو منتخب ٹی آر ایس ایم پیز کی کے سی آر سے ملاقات

,

   

حیدرآباد۔24مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کے نومنتخب ارکان پارلیمان نے آج شام پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی جنہیں چیف منسٹر نے مبارکباد دیتے ہوئے تاکید کی کہ وہ دہلی میں ریاست کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تلنگانہ سے مرکزی حکومت سے اعلانات پر من و عن عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والے 9 ارکان پارلیمان نے مسٹر چندر شیکھرر اؤ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں گلدستہ پیش کیا اور کہا کہ وہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے سربراہ اور پارٹی قائد کے احکام اور عوامی مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے ۔ نومنتخبہ ارکان نے چیف منسٹر سے ملاقات کو خیر سگالی ملاقات قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ سے منتخب ہونے والے ٹی آر ایس ارکان پارلیمان نے پارٹی سربراہ سے ملاقات کرکے انہیں پارٹی کی کامیابی کی مبارکباد پیش کی ہے اوراس بات کا تیقن دیا ہے کہ وہ ایوان میں تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ اور تلنگانہ عوام کی ترقی کیلئے آواز اٹھائیں گے اور ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے تلنگاہ راشٹر سمیتی کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں گے۔

انتخابی شکست پر کے سی آر کا ہریش راو سے تبادلہ خیال
حیدرآباد۔ 24مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ٹربل شورٹر تصور کئے جانے والے قائد و رکن اسمبلی مسٹر ٹی ہریش راؤ کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون طلب کرلیا ۔ تلنگانہ میں لوک سبھا کے نتائج سے مایوس تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین بالخصوص سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی چندر شیکھر راؤ نے آج ہریش راؤ کو ملاقات کیلئے طلب کیا اور دونوں قائدین کافی دیر تک تبادلۂ خیال کرتے رہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چندر شیکھر راؤ اور ہریش راؤ کی ملاقات کے دوران نظام آباد حلقہ لوک سبھا سے شکست خوردہ چیف منسٹر کی دختر مسز کے کویتا بھی موجود تھیں۔ ہریش راؤ کو گذشتہ اسمبلی انتخابات سے قبل سے نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیار کی گئی تھی اور اسمبلی انتخابات کے دوران انہیں اسٹار کمپینرس کی فہرست سے بھی غائب کردیا گیا تھا لیکن دیگر قائدین کی جانب سے دباؤ کے بعد انہیں اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد بھی وہ چیف منسٹر تلنگانہ سے دور ہی رہنے لگے تھے لیکن پارٹی کے استحکام میں ان کے رول سے کوئی انکار نہیں کرسکتا اسی لئے اب انہیں دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔