بیجاپور: چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں نکسلیوں کے حملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ایک مقامی کارکن شدید زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں جگدل پور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بی جے پی یووا مورچہ کے ایک کارکن مہیش گوٹا کو نکسلیوں نے تیزدھار ہتھیاروں سے زخمی کردیا۔ وہ سابق سرپنچ بھی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کو چکٹراج پہاڑی سے 50 سے زیادہ دیہی باشندوں کو نکسلیوں نے اغوا کر لیا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد مہیش گوٹا کو یرغمال بنا کربقیہ تمام گاؤں والوں کو چھوڑ دیا گیا۔ نکسلیوں نے پیر کی رات تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر کے مہیش گوٹا کو زخمی کر دیا اور اسے قریبی جنگل میں چھوڑ دیا۔ شدید زخمی مہیش گوٹا کو کٹرو میں ابتدائی طبی امداد کے بعد بیجاپور ضلع اسپتال لایا گیا۔ نازک حالت کے پیش نظر اسے جگدل پور میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ اس سے پہلے فروری کے مہینے میں بستر علاقے میں 10 دنوں کے اندربی جے پی کے تین لیڈروں کا قتل کردیاگیاتھا۔