نکہت زرین کیلئے انعام واعزاز کا اعلان ہنوز کیوں نہیں ہوا؟

   

حیدرآباد۔ریاست تلنگانہ کے نظام آباد سے تعلق رکھنے والی نوجوان باکسر نکہت زرین نے ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر ہندوستان کا نام روشن کیا ہے اور ان کی اس شاندار وسنہری کامیابی پر چاروں گوشوں سے تعریف کی جارہی ہے جبکہ صدر جمہوریہ ہند،وزیر اعظم ،وزیر اسپورٹس کے علاوہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر ، ریاستی وزیر کے ٹی آر اور دیگر اہم شخصیات کی جانب سے مبارک بادی کا ایک جلد ختم نہ ہونے والا سلسلہ شروع ہوا ہے لیکن (تادم تحریر) نہ قومی اور نہ ہی ریاستی سطح سے کوئی انعام کا اعلان ہوا ہے جس سے عوام میں ایک بے چینی پائی جاتی ہے ۔نکہت نے شاندار کامیابی حاصل کی اور عوام امید کررہے تھے کہ جس طرح ماضی قریب میں پی وی سندھو ، سائنا نہوال ، ثانیہ مزرا کی کامیابی پر کے چندر شیکھر انعامات اور اراضی کی فراہمی کا اعلان کرتے آئے ہیں وہ اس مرتبہ بھی جلد ہی نکہت کیلئے کوئی انعام کا اعلان کریں گے لیکن ہنوز کوئی اعلان نہیں ہوا ہے ۔حالیہ دنوں میں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ماہ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والی مالاوتھ پورنا اور سادھنا پلی آنندکمار کو فی کس25 لاکھ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے ریاستی اسمبلی میں اس سلسلے میں ایک بیان دیا تھا ۔انہوں نے نلگنڈہ کے بی شیکھر بابو کو 25 لاکھ روپے کے نقد انعام کا بھی اعلان کیا جنہوں نے دونوں طلباء کو کوہ پیمائی کی تربیت دی تھی۔ دونوں طلباء کا تعلق غریب طبقے سے ہے اور وہ ریاستی حکومت کے زیر انتظام سماجی بہبود کے اسکولوں میں پڑھ رہے تھے۔ اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کرکے طلباء کی کامیابی کو سراہا گیا تھا اور انہیں پانچ ایکڑ زرعی زمین، مفت بورویل اور بجلی کا کنکشن اور ایک سال کے لیے زرعی سرمایہ کاری سے نوازا گیا تھا ۔ دونوں طلباء نے تلنگانہ کا نام روشن کیا تھا ۔ انہوں نے کم عمری میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سرکرکے عالمی ریکارڈ بنایا ۔ پورنا نے 13 سال کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سرکرنے والی دنیا کی سب سے کم عمر لڑکی بن کر ایک ریکارڈ بنایا تھا اور وہ نظام آباد ضلع کی ایک قبائلی لڑکی ہے۔دوسری جانب حسن اتفاق سے نکہت زرین کا تعلق بھی نظام آباد سے ہی ہے لیکن ان کیلئے ہنوز کوئی اعلان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں شہر کی ایک اور نوجوان کھلاڑی شوٹر ایشا سنگھ کو نشانہ بازی میں کامیاب پر انعامات و اعزازت سے بھی نوازا گیا ۔ایشا کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے انعام ، اعزاز اور اراضی کے علاوہ مرکزی حکومت کی جانب سے بال سکشا پورسکار صدر ہند کے ہاتھوں نقد انعام ، سند اور اعزاز سے نوازا گیا لیکن نکہت زرین کے معاملے میں انعام ، اعزاز اور کسی طریقہ کے انعام کے اعلان میں تاخیر کیوں ہورہی ہے ؟