نکہت زرین کی قیادت میں ہندوستان گولڈ میڈلس کی دوڑ میں آگے

   

نئی دہلی۔ عالمی چمپئن نکہت زرین کی قیادت میں 13 رکنی ہندوستانی باکسنگ دستہ 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک چین کے شہر ہانگزو میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز میں گولڈ میڈلس کی دوڑ میں سب سے آگے نظرآرہا ہے ۔ ایشین گیمز میں باکسنگ مقابلوں کا آغاز 24 ستمبر سے ہونا ہے۔ ریکارڈز کی فہرست میں ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں میں باکسنگ میں اب تک 57 میڈلس جیتے ہیں، جس سے یہ ایونٹ میں ہندوستان کے لیے چوتھا سب سے زیادہ فاتح کھیل ہے۔ 2018 میں جکارتہ میں، ہندوستانی مکے بازوں نے تین میڈلس جیتے تھے۔اس سال کے ایڈیشن میں باکسرزکو 2024 پیرس اولمپکس کے لیے کوٹہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔جبکہ پورا ہندوستانی اسکواڈ مسابقتی نظر آرہا ہے، نشانت دیو، نکہت زرین اور دیپک بھوریا گولڈ جیتنے کے لیے پسندیدہ ہیں۔نکت زرین بلاشبہ اس وقت ہندوستان کی بہترین باکسر ہیں۔ حیدرآباد میں مقیم باکسر نے 2021 میں اسٹرینڈجا میموریل ٹورنمنٹ میں گولڈ میڈل کے ساتھ عالمی اسٹیج پر اپنا نام کیا، پھر اگلے سال اسی مقابلے میں ایک اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ برمنگھم میں 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے سے پہلے انہیں عالمی چمپئن کا تاج پہنایا گیا تھا۔