نہرو زوالوجیکل پارک کی داخلہ فیس میں اضافہ ، یکم اگست سے فیس 120 روپئے کردی گئی

   

حیدرآباد۔یکم۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) ریاستی محکمہ جنگلات نے نہرو زوالوجیکل پارک میں داخلہ ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے یکم اگسٹ سے قبل عمل بنانے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ نہروزوالوجیکل پارک میں داخلہ کیلئے وصول کی جانے والی قیمتوں میں بھاری اضافہ کے بعد ہندستانی شہروں کیلئے ٹکٹ کی قیمت جو 100 روپئے ہوا کرتی تھی اسے بڑھا کر 120 روپئے کردیا گیا ہے جبکہ بیرون ملک شہریوں کیلئے ٹکٹ کی قیمت1000 روپئے کردی گئی ہے۔بچوں کیلئے جو ٹکٹ 50 روپئے ہوا کرتا تھا اسے بڑھا کر60 روپئے کردیا گیا ہے۔ جبکہ بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے بچوں کیلئے ٹکٹ کی قیمت کو 500 روپئے کردیاگیا ہے۔ائیر کنڈیشن سفاری کیلئے جو 150 روپئے وصول کئے جاتے تھے اسے بڑھا کر 165 روپئے کردیا گیا ہے جبکہ بیرون ملک سیاحوں کیلئے یہ قیمت 300 روپئے رکھی گئی ہے۔ نان ائیرکنڈیشن سفاری کیلئے 100 روپئے کے ٹکٹ کو بڑھا کر 110 روپئے کیاگیا ہے اور بیرون ملک سیاحوں کیلئے 200 روپئے قیمت رکھی گئی ہے۔زوالوجیکل پارک میں کیمرہ لیجانے کیلئے 150 روپئے وصول کئے جاتے تھے اس میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 500 روپئے کردیا گیا ہے جبکہ مووی کیمرے کیلئے 10ہزار روپئے جو وصول کئے جاتے تھے اس میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا ہے لیکن لینس اور ٹرائی پوڈ کے ساتھ استعمال کئے جانے والے کیمروں کیلئے جو اب تک کوئی اضافی چارجس وصول نہیں کئے جاتے تھے اس کیلئے اضافی 700 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ریاستی وزیر جنگلات محترمہ کونڈا سریکھا کے ہمراہ منعقدہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے اجلاس میں دی گئی اس منظوری کو یکم اگسٹ سے قابل عمل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بیاٹری کے ذریعہ چلنے والی گاڑیوں کا استعمال کرنے والوں کیلئے 120 روپئے فی کس وصول کئے جاتے تھے اس میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 135 کردیا گیا ہے جبکہ بچوں کیلئے 70 روپئے سے بڑھا کر ٹکٹ کو 75روپئے کردیا گیا ہے۔محکمہ جنگلات کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ کے مطابق زو کی تفریح و سیاحت اب مہنگی ہوچکی ہے اور تمام سیاحتی سرگرمیوں کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتیں بڑھادی گئی ہیں۔ 3/a/b
فش اکویریم‘ ٹرین‘ کچھوے کے لئے وصول کئے جانے والے ٹکٹس کے علاوہ دیگر ٹکٹس کی قیمتوں میں بھی محکمہ جنگلات کی جانب سے اضافہ کردیا گیا ہے۔3