نیرج سمیت 12 کھلاڑیوں کو کھیل رتن ، 35 کھلاڑی کوارجن ایوارڈز

   

نئی دہلی، 13نومبر (یو این آئی) ٹوکیو اولمپکس میں نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کرنے والے نیرج چوپڑا اور چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان روی دہیا، اولمپک تمغہ جیتنے والی باکسر لولینا بورگوہین، فٹ بال کپتان سنیل چھتری، خواتین کرکٹر میتھالی راج، ہاکی گول کیپر پی آر شری جیش سمیت کل 12 کھلاڑیوں کو صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے سنیچر کے روز راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں ملک کے اعلیٰ ترین کھیل اعزاز کھیل رتن سے نوازا، جبکہ35کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا۔صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں فاتحین کو مبارکباد دی۔ قومی کھیل ایوارڈ کمیٹی کی مکمل جانچ پڑتال اور سفارشات کے بعد، وزارت کھیل نے درج ذیل کھلاڑیوں، کوچز اور دیگر شخصیات کو کھیلوں کے ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نیشنل اسپورٹس ایوارڈ ہر سال 29 اگست کو ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے یوم پیدائش کے موقع پر دیا جاتا ہے لیکن اس بار تقریباً 29 اگست کو اولمپکس اور پیرا اولمپکس کی وجہ سے ایوارڈز دینے میں تاخیر ہوئی۔نیرج کے علاوہ اس فہرست میں ریسلر روی دہیا، اولمپک میڈلسٹ باکسر لولینا بورگوہین، فٹ بال کھلاڑی سنیل چھتری، خواتین کرکٹر میتھالی راج، ہاکی کھلاڑی پی آر سریجیش سمیت کل 12 کھلاڑی شامل ہیں۔