n امریکی اسپیکر کاد ورہ تائیوان واضح اشتعال انگیزی : روس n چین خاموش نہیں رہے گا : چینی وزیرخارجہ
n نینسی کا دورہ ہمارے لئے باعث مسرت : تائیوان
واشنگٹن: وائٹ ہائوس نیشنل سیکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ہائوس اسپیکر نینسی پلوسی اپنی مرضی سے تائیوان کا دورہ کررہی ہیں، ان کو تائیوان کے دورے کا حق ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان جان کربی نے کہا کہ نینسی پلوسی کے دورے کی مکمل مانیٹرنگ کررہے ہیں، ان کی حفاظت یقینی بنائی ہے، ہاوس اسپیکر کا دورہ تائیوان امریکی موقف سے مطابقت رکھتا ہے۔جان کربی کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی کا دورہ چینی خود مختاری یا امریکہ کی دیرینہ ون چائنہ پالیسی کی خلاف ورزی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پلوسی کے دورے کو تائیوان پر حملے کا بہانہ بنانے سے گریز کرے، نہیں چاہتے کہ اس طرح سے کوئی بحران اور تصادم کی صورتحال پیدا ہو۔ترجمان وائٹ ہاوس نے مزید کہا کہ امریکہ مغربی پیسفک کی فضا اور سمندر میں آپریٹ کرتا رہے گا، چین تائیوان کے خلاف معاشی ہتھکنڈے بھی استعمال کر سکتا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ امریکی اسپیکرنینسی پلوسی کا دورہ تائیوان واضح اشتعال انگیزی ہے۔رووسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین کو اپنی علاقائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اقدامات کامکمل حق حاصل ہے۔دوسری جانب تائیوان حکام کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی دورے کے ساتھ ہی21 چینی لڑاکا طیارے تائیوان اورچین کی مشترکہ فضائی حدود میں داخل ہوئے۔حکام کے مطابق کئی امریکی جنگی بحری جہاز بھی تائیوان کے قریبی پانیوں میں گشت کررہے ہیں۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے بھی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدام پر چین خاموش نہیں رہے گا۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے امریکی سفیر نکولس برنز کو طلب کر کے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر سخت احتجاج کیا۔ چینی نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام جارحانہ نوعیت کا ہے جس کے انتہائی سنجیدہ نتائج ہوں گے۔دوسری جانب شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل لوگوینوف نے ایک بیان میں کہا کہ روس کے خلاف چھیڑی گئی ہائبرڈ جنگ کا دائرہ امریکہ نے چین تک پھیلانا شروع کر دیا ہے۔ لوگوینوف کا یہ بھی کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک جھوٹی معلومات کا تدارک کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئی ہیں، امریکی اسپیکر ملائیشیا میں مختصر قیام کے بعد تائیوان پہنچی ہیں۔امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں، وہ جنوبی کوریا اور جاپان بھی جائیں گی۔ واضح رہے کہ امریکی اسپیکر کے دورہ تائیوان پر چین نے امریکا کو سنگین نتائج سے خبردار کیا ہوا ہے۔نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کسی امریکی ہائوس اسپیکر کا 1997 کے بعد پہلا دورہ ہے۔تائیوان نے کہا ہے کہ نینسی پیلوسی کا دورہ ہمارے لئے باعثِ مسرت ہے۔تائیوان وزارت خارجہ نے موضوع سے متعلق جاری کردہ بیان میں تمام پلیٹ فورموں پر اور مستقل شکل میں تائیوان کے ساتھ تعاون پر پیلوسی کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری لائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور تائیوان بین الاقوامی شراکت داری میں ایک دوسرے کے لئے مفید تعاون کے خاطر کاروائیاں جاری رکھیں گے۔ 25 سال قبل امریکہ کے اسمبلی اسپیکر ‘نیوٹ گنگرچ’ کے دورہ تائیوان کے بعد پیلوسی کا حالیہ دورہ دونوں فریقین کے لئے ایک بڑا قدم ہے۔