نیوزی لینڈ حملہ مسلمانوں اور اسلام کیخلاف نفرت پھیلانے کا نتیجہ : عمران خان

,

   

اسلام آباد ؍ وٹیکن سٹی ۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ 9/11 دہشت گرد حملوں کے بعد مسلمانوں اور اسلام کے خلاف جس نفرت انگیزی کا پروپگنڈہ کیا گیا وہ نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں آج ہوئے حملوں کا باعث بن گیا جس میں 49 مصلیان ہلاک ہوگئے۔ عمران خان نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابتداء سے ہی یہ کہتے آئے ہیں کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا لیکن اسے ہمیشہ مسلمانوں سے جوڑا جارہا ہے۔ تاہم اب جو 49 مسلمان ہلاک ہوئے ہیں ان کے بارے میں عالمی رائے کیا ہے؟ مسجد النور اور شہر کے نواحی علاقہ میں واقع لین ووڈ مسجد میں کی گئی فائرنگ میں جملہ 49 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے وہاں پہنچے تھے۔ عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ 9/11 کے بعد مسلمانوں کے خلاف جو پروپگنڈہ کیا گیا وہی نیوزی لینڈ حملے کی وجہ بنا۔ مسلمانوں اور اسلام کو ہمیشہ ایک ’’ہوّا‘‘ بنا کر اسلاموفوبیا پھیلایا گیا۔ انہوں نے مہلوکین کے ارکان خاندان سے اظہارتعزیت کیا۔ دوسری طرف پوپ فرانسیس نے بھی نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہوئی مسلمانوں کی ہلاکت پر اظہارافسوس اور ان کے ارکان خاندان سے اظہاریگانگت کیا۔