نیوزی لینڈ دوسرے ٹی 20 میں 21 رنز سے کامیاب

   

آکلینڈ ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے 195 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 19.3 اوورز میں 173 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی طرف سے بابر اعظم 66 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ فخر زمان نے 50 اور شاہین شاہ آفریدی نے 22 رنز بنائے ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹر دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملن نے چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ بین سیئرز اور اِش سودھی نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کو پہلا نقصان نوجوان بیٹر صائم ایوب کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ ٹم ساؤتھی کو چھکا مارنے کی کوشش میں ایک رن پر آؤٹ ہوئے۔دوسرا جھٹکا دوسرے اوور کی تیسری گیند پر لگا جب محمد رضوان 7 رنز بنا کر ایڈم ملن کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ دو وکٹیں گرنے کے باوجود فخر زمان اور بابر اعظم نے کیوی بولرز کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 49 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ فخر زمان نے اپنی دھواں دھار اننگز میں پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی جبکہ اْن کا ساتھ دوسری طرف بابر اعظم نے بھی خوب نبھایا۔دونوں بیٹرز کی شاندار بیٹنگ کے باعث جب میچ نیوزی لینڈ کے ہاتھ سے نکلتا ہوا دکھائی دیا تو50 رنز پر ایڈم ملن کی گیند پر فخر زمان بولڈ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کو چوتھی کامیابی بھی جلد ہی مل گئی جب افتخار احمد 4 رنز پر بین سیئرز کی گیند پر اونچی شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوگئے جبکہ پاکستانی کی پانچویں وکٹ 108 رنز پر گر گئی جب اعظم خان اِش سوڈھی کا شکار بن گئے۔ نیوزی لینڈ کو چھٹی کامیابی عامر جمال کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ 9 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔ ساتویں وکٹ کے لیے بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی نے 28 رنز شراکت قائم کی جس کی بدولت امید دوبارہ سے زندہ ہوئی لیکن بابر اعظم 66 رنز بنا کر بین سیئرز کی گیند پر ٹم ساؤتھی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ کے لوور آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوئی جس کے نتیجے میں شاہین شاہ آفریدی 22، اسامہ میر 0 اور عباس آفریدی 7 بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ قبل ازیں ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں بھی پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے فِن ایلن نے 74، کین ولیمسن نے 26 اور مچل سینٹنر نے 25 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین، عباس آفریدی نے دو جبکہ عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔