نیوزی لینڈ دہشت گرد حملہ میں ز خمی فرہاج احسن کا انتقال

,

   

اہلیہ ایشا عزیز نے حیدرآباد میں رشتہ داروں کو غمناک اطلا ع دی۔ ٹولی چوکی ندیم کالونی میں کہرام
حیدرآباد۔/16مارچ، ( سیاست نیوز) نیوزی لینڈ میں جمعہ کے دن کریسٹ چرچ مساجد میں دہشت گرد حملہ میں زخمی تلنگانہ کے دو نوجوانوں میں سے ایک نوجوان فرہاج احسن کا انتقال ہوگیا ہے۔ ٹولی چوکی حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ انجینئر فرہاج احسن کے انتقال کی اطلاع نیوزی لینڈ کے حکام نے ان کی اہلیہ ایشا عزیز کو دی۔ دہشت گرد حملہ میں تلنگانہ کے 3 نوجوان زخمی ہوئے تھے ان میں حیدرآباد ٹولی چوکی کے فرہاج احسن، عنبرپیٹ کے محمد اقبال جہانگیر اور کریم نگر کے عمران خاں شامل ہیں۔حکام نے فرہاج احسن اور محمد عمران خاں کے انتقال کی توثیق کی ہے جبکہ دواخانہ میں زیر علاج محمد اقبال جہانگیر کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔ دونوں متوفی نوجوانوں کے خاندان والوں کو ان کے انتقال کی اطلاع دی گئی ہے۔ ٹولی چوکی میں فرہاج احسن کے بھائی کاشف احسن نے بتایا کہ ان کے بھائی کے انتقال کی اطلاع ان کی بھابی نے نیوزی لینڈ سے دی ہے۔ فرہاج احسن اپنی اہلیہ کے ساتھ نیوزی لینڈ کے شہر کریسٹ چرچ میں اپنی تین سالہ دختر اور 6 ماہ کے فرزند کے ساتھ مقیم تھے۔ وہ سال 2010 میں یونیورسٹی آف آکلینڈ میں ماسٹرس کرنے کے لئے نیوزی لینڈ گئے تھے تب سے وہ وہیں پر اپنے خاندان والوں کے ساتھ مقیم تھے، اور انہوں نے نیوزی لینڈ کی شہریت بھی حاصل کرلی تھی۔ ٹولی چوکی ندیم کالونی میں جیسے ہی فرہاج احسن کے انتقال کی خبر ملی فرہاج کے والدین سے مل کر کئی رشتہ داروں اور دوست احباب نے پرسہ دیا۔احسن کے والد محمد سعید الدین کو اپنے فرزند کے بارے میں اچھی خبر کی اُمید تھی لیکن اس درد ناک خبرسے گھر میں کہرام مچ گیا۔ محمد سعید الدین نے بتایا کہ وہ ہر روز دوپہر کو اپنے فرزند کو فون کرکے خیر خیریت معلوم کرتے تھے۔ اس دن بھی انہوں نے اپنے بیٹے کو فون کیا ،

انہیں یہ علم ہی نہیں تھا کہ مسجد میں کیا ہورہا تھا۔ جمعہ کا دن ہونے کی وجہ سے انہوں نے صبح 8 بجے ہی فون کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ اس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ میں اپنی بہو ایشا عزیز کو کال کیا تو انہوں نے کہا کہ مسجد پر حملہ ہوا ہے اور وہ بھی احسن سے فون پر ربط پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ احسن کے والد محمد سعید الدین ریٹائرڈ لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کے ملازم ہیں۔بچوں کی بہتر تعلیم کے لئے وہ ورنگل ہنمکنڈہ سے شہر منتقل ہوئے تھے۔ نیوزی لینڈ دہشت گرد حملہ میں زخمی ایک اور تلنگانہ کے نوجوان کریم نگر کے محمد عمران خان کے انتقال کی اطلاع ان کے خاندان کو دی گئی ہے جو امریکہ میں مقیم ہیں۔ محمد عمران خاں 2012 سے نیوزی لینڈ میں تھے اور وہ وہاں ایک ہوٹل چلارہے تھے۔ نیوزی لینڈ میں قیام کے دوران عمران خاں نے مقامی لڑکی سے شادی کرلی اور انہیں ایک بچہ بھی ہے۔ دریں اثناء دہشت گرد حملے میں زخمی حیدرآباد کے علاقہ عنبرپیٹ کے احمداقبال جہانگیر دواخانہ میں صحت یاب ہورہے ہیں۔ 35 سالہ جہانگیر بھی کریسٹ چرچ علاقہ میں ایک ریسٹورنٹ کے مالک ہیں اور وہ جمعہ کے دن مسجد النور میں نماز جمعہ کے لئے گئے تھے۔ احمد اقبال کے بڑے بھائی محمد خورشید جہانگیر نے کہا کہ ان کے بھائی کا جمعہ کے دن آپریشن کیا گیا اور آج بروز ہفتہ بھی دوسری سرجری انجام دی گئی۔ ایک ویڈیو کلپ میں احمد اقبال کو اپنے رشتہ دار تنویرسے بات چیت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے جو ان سے ملاقات کے لئے آسٹریلیا سے یہاں پہنچے تھے۔ خورشید نے کہاکہ انہیں نیوزی لینڈ سفر کرنے کیلئے آج ویزا دیا گیا ہے اور وہ شام فوری روانہ ہورہے ہیں۔