ہملٹن، یکم نومبر (آئی اے این ایس) ٹم سیفرٹ اورگلین فلپس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے اتوارکو یہاں سیڈن پارک میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں ہندوستان کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے باوجود ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے اپنے نام کرلی۔ گلین فلپس نے ناقابل شکست 65 رنزکی اننگز کھیلتے ہوئے ایک دوطرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ انہوں نے اس سیریز میں اپنی چوتھی نصف سنچری اسکورکی۔ دوسری جانب ٹم سیفرٹ نے 93 رنزکی عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے سیریز میں پہلی مرتبہ نمایاں کارکردگی پیش کی۔ دونوں بیٹرس کی مدد سے نیوزی لینڈ نے 192 رنز کا ہدف صرف تین وکٹوں کے نقصان پر18 اوورس میں، 12 گیندیں باقی رہتے حاصل کرلیا۔ یہ ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کا سب سے بڑا ٹی ٹوئنٹی ہدف کا کامیاب تعاقب بھی ہے۔ ہندوستانی بولرز لائن اور لینتھ برقرار رکھنے میں ناکام رہے، جبکہ نیوزی لینڈ کیبیٹرس نے ان کی ایک نہ چلنے دی۔ ناقابل شکست 65 رنز بنانے والے فلپس نے سیریز میں اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے ایک دوطرفہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا فل سالٹ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ فلپس نے پانچ میچوںکی اس سیریز میں مجموعی طور پر341 رنز بنائے، جبکہ انگلینڈ کے فل سالٹ نے 2023 میں ویسٹ انڈیزکے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 331 رنز اسکور کیے تھے۔ نیوزی لینڈ کی کامیابی میں سیفرٹ اور فلپس نمایاں رہے، جبکہ ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور نتیش کمار ریڈی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو ابتدا ہی میں جھٹکا لگا، جب دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ نے فن ایلن کو ڈیپ مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ کرادیا۔ چوتھے اوور میں سیفرٹ کو13 رنزکے انفرادی اسکور پر زندگی ملی، جب نمن دھیرکے موقع دینے پر ارشدیپ کیچ لینے میں ناکام رہے۔ اس کے بعد ڈیرل مچل اور سیفرٹ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور پاور پلے کے اختتام تک نیوزی لینڈ کا اسکور ایک وکٹ پر 59 رنز تک پہنچادیا۔ چھٹے اوور میں بھونیشور کمار کے خلاف 20 رنز بنائے گئے۔ ورون چکرورتی نے بولنگ سنبھالتے ہوئے ایل بی ڈبلیوکی اپیلوں کے ذریعہ نیوزی لینڈ کے بیٹرس پر دباؤ پیدا کیا اور نویں اوور میں مچل کو آؤٹ کردیا، لیکن اس سے میزبان ٹیم کی پیش قدمی نہیں رکی۔ فارم میں موجود گلین فلپس نے سیفرٹ کا ساتھ دیا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے صرف 42 گیندوں میں 86 رنز کی شراکت قائم کی۔ ان کی تیز رفتار بیٹنگ نے میچ کو ہندوستان کی گرفت سے دورکردیا۔ نیوزی لینڈ کے10 اوورس میں دو وکٹوں پر96 رنز بنانے کے بعد ہندوستان نے ابھیشیک شرماکو بھی گیند تھمائی لیکن اس کا فائدہ نہیں ہوا۔