لاہور ۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کہا ہے کہ کراچی، پنڈی اور لاہور میں10میچز کھیلنے کے بعد ہم اپنے گھر واپس جا رہے ہیں۔ کیویز ٹیم نے پاکستان میں مہمان نوازی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ راتآخری ونڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دی تھی تاہم ونڈے میچزکی سیریز 4-1 سے پاکستان کے نام رہی۔ میزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ابتدائی چاروں میچز میں شکست سے دوچار کیا تھا۔ قبل ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی حالانکہ پاکستان نے ابتدائی دو مقابلوں میں کامیابی کے ذریعہ سیریز پر قبضہ جمانے کی سمت قدم بڑھا لئے تھے لیکن باقی مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے غیر معمولی مظاہرے کئے جبکہ سیریز کا ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔