نیوکلیئر اسلحہ پر راجناتھ سنگھ کے ریمارک کی مذمت

,

   

ہندوستانی وزیردفاع کے الفاظ اور وقت کا انتخاب بدبختانہ : محمود قریشی
اسلام آباد ۔17 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے ان ریمارکس کو ’’بدبختانہ اور غیرذمہ دارانہ ‘‘ قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے جن میں انھوں نے (راج ناتھ سنگھ ) نے کہا تھا کہ ’’نیوکلیئر اسلحہ کے استعمال کے ضمن میں ہندوستان نے ہمیشہ ہی خود پہل نہ کرنے کی پالیسی کی سختی سے پابندی کی لیکن مستقبل میں کیا ہوگا وہ حالات پر منحصر ہوگا ‘‘ ۔ راجناتھ سنگھ نے اپنے دورہ پوکھران کے بعد یہ ریمارکس کیا تھا۔ پوکھران وہی مقام ہے ہندوستان نے جہاں 1998 ء میں نیوکلیئر تجربہ کیا تھا ۔ اُس وقت اٹل بہاری واجپائی وزیراعظم تھے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ’’ہندوستانی وزیر دفاع کے بیان کا مواد اور وقت کا انتخاب دونوں ہی انتہائی بدبختانہ ہیں جن سے ہندوستان کے غیرذمہ دارانہ اور جھگڑالو رویہ کا اظہار ہوتا ہے ‘‘۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’’پاکستان بدستور اقل ترین قابل اعتبار گریز و اجتناب کی پالیسی جاری رکھے گا ‘‘ ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستانی وزیر دفاع نے اپنے مخاصمانہ مزاج ظاہر کردیا ہے ۔ ہندوستان کی طرف سے جموں وکشمیر کے خصوصی موقف کی برخاستگی کے بعد نئی دہلی اور اسلام آباد کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان قریشی نے یہ بیان دیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس نے یہ دکھادیا ہے کہ کشمیر کے عوام تنہا نہیں ہیں۔ قریشی نے اپنے ہندوستانی ہم منصب جئے شنکر سے بات چیت کے نظریہ کو بھی مسترد کردیا ۔