میکسیکو سٹی : امریکہ کی ریاست نیومیکسیکو میں جمعہ اورہفتہ کی درمیانی رات چوتھے مسلمان شخص کے قتل کے بعد پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کا تعلق گھات لگا کر کی جانے والی پچھلی تین وارداتوں سے ہو سکتا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق قتل کیے جانے والے مسلمان شخص کا تعلق جنوب ایشیائی ملک سے ہے اور ان کی عمر 25، 26 سال کے قریب بتائی گئی ہے۔پولیس کی جانب سے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے کیونکہ ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔نیو میکسیکو کے شہر البوکرکے میں نو ماہ کے دوران مختلف واقعات میں چار مسلمانوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملنے پر جب اہلکار موقع پر پہچنے تو اس شخص کی لاش ملی تھی۔رواں ہفتے کے آغاز میں مقامی سراغ رسانوں اور پولیس نے تصدیق کی تھی کہ حکام الگ الگ ہونے والی وارداتوں میں تعلق تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پچھلے ہفتے دو مختلف فائرنگ کے دو واقعات میں 27 سالہ محمد افضال حسین اور 41 سالہ آفتاب حسین کو قتل کر دیا گیا تھا، دونوں کا تعلق پاکستان سے تھا اور ایک ہی مسجد میں عبادت کے لیے جایا کرتے تھے۔اسی طرح تیسرا واقعہ نومبر میں ہوا تھا جس میں 62 سالہ محمد احمدی کو قتل کیا گیا تھا، جن کا تعلق جنوبی ایشا سے تھا۔