نئی دہلی : سی بی آئی نے این ای ای ٹی یو جی میں ہوئی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے ذمہ داری سنبھال لی ہے ۔سی بی آئی عہدیدار نے بتایا کہ ایجنسی نے اس معاملے میں درج دیگر معاملوں کو اپنے ہاتھ میں لینے کا عمل شروع کیا ہے۔وزارت تعلیم نے اعلان کیا تھا کہ طلبہ اور اپوزیشن کے مسلسل مطالبے کو قبول کرتے ہوئے 5 مئی کو منعقدہ این ای ای ٹی یو جی امتحان میں دھوکہ دہی اور بدانتظامی کے الزامات کی تحقیقات کو سی بی آئی کے حوالے کیا جائے گا تاکہ جامع جانچ کی جاسکے۔ مرکزی حکومت نے پبلک ایگزامنیشن (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ، 2024 نافذ کیا ہے، جو 21 جون سے نافذ ہوا ہے، اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ خاطی افراد کے خلاف “سخت ترین کارروائی” کی جائے گی۔دوسری طرف طلباء کی جانب سے امتحان منسوخ کرنے کا مسلسل مطالبہ کیا جارہا ہے ۔اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) نے 22 جون، 2024 کو وجئے واڑہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ نیٹ کو منسوخ کرے کیونکہ بدانتظامی اور بدعنوانی بے نقاب ہوگئی ہے۔