وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو برطرف کرنے کا مطالبہ ‘ راہول گاندھی
نئی دہلی۔ 16مئی (یو این آئی) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے نیٹ پیپر لیک معاملے میں وزیر اعظم مودی سے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر انہیں نہیں ہٹایا جاتا تو مودی کو خود اس کی ذمہ داری لینی چاہیے ۔ راہول نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ نیٹ پیپر لیک ہونے سے 22 لاکھ طلباء کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے ، لیکن مودی ایک لفظ بھی نہیں بول رہے ہیں۔ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان جی کو ابھی ہٹائیے یا ذمہ داری خود لیجیے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ پیپر لیک سے ملک کے 22 لاکھ طلبہ کی دو سال کی محنت برباد ہو گئی اور پورا ملک جانتا ہے کہ نیٹ امتحان سے پہلے واٹس ایپ پر سوالنامہ بانٹا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم نے اس معاملے سے خود کو الگ بتاتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کو بھی نظر انداز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کو نظریاتی اور اقتصادی مفادات کی ملی بھگت سے نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں تقرریوں میں میرٹ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ، جس کی وجہ سے تعلیمی نظام متاثر ہوا ہے ۔ راہول نے کہا کہ پیپر لیک سے کروڑوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہوا اور اس میں وزیر تعلیم کو عہدے سے ہٹانا چاہیے ۔