نیٹ 2026 امتحان کی منسوخی ، راہول کی مرکزی حکومت پر تنقید

   

نئی دہلی، 12 مئی (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے نیٹ یو جی 2026 امتحان کی منسوخی پر مرکزی حکومت کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے 22 لاکھ سے زائد طلبہ کی محنت پر پانی پھیر دیا ہے ۔ راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ کسی باپ نے بچوں کی پڑھائی کے لیے قرض لیا، کسی ماں نے زیورات بیچے اور لاکھوں طلبہ نے راتوں کو جاگ کر تیاری کی، لیکن بدلے میں انہیں پیپر لیک، حکومتی غفلت اور تعلیم میں منظم بدعنوانی ملی۔ یہ محض ناکامی نہیں بلکہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے ۔ ہر بار پیپر مافیا بچ نکلتے ہیں اور ایماندار طلبہ اس کا خمیازہ بھگتتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امتحان کی منسوخی کی وجہ سے لاکھوں طلبہ کو دوبارہ ذہنی تناؤ، معاشی بوجھ اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر طلبہ کی تقدیر محنت سے نہیں بلکہ ’’پیسے اور رسوخ‘‘سے طے ہوگی تو نظام تعلیم کا کیا فائدہ رہ جائے گا۔ کانگریس لیڈر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا نام نہاد امرت کال ملک کے لیے وش کال (زہریلا دور) بن گیا ہے ۔