حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) نیپال میں کشیدہ اور غیر یقینی حالات کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے لئے خصوصی ہیلپ لائن کے قیام کی ہدایت دی ہے ۔ نئی دہلی میں واقع تلنگانہ بھون میں ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کیا گیا جس کے ذریعہ نیپال میں پھنسے ہوئے تلنگانہ کے شہریوں کی مدد کی جائے گی ۔ حکومت کو موصولہ اطلاعات کے مطابق نیپال میں کسی بھی تلنگانہ شہری کو مشکلات کا سامنا نہیں ہے۔ وزارت خارجہ اور کھٹمنڈو میں ہندوستانی سفارتخانہ کے ساتھ تلنگانہ حکومت کے عہدیدار مسلسل ربط میں ہیں اور تلنگانہ کے شہریوں کی حفاظت کے لئے تمام تر احتیاطی قدم اٹھائے جارہے ہیں ۔ نیپال میں تلنگانہ شہریوں کے افراد خاندان دہلی کے تلنگانہ بھون کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ تلنگانہ کے شہری اور ان کے افراد خاندان نیپال سے متعلق صرف سرکاری اطلاعات پر بھروسہ کریں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ تلنگانہ کے شہریوں کو نیپال میں کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہ آئے ، اس سلسلہ میں حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ نئی دہلی کے ہیلپ لائن سنٹر میں شریمتی وندنا پرائیوٹ سکریٹری ریسیڈنٹ کمشنر سے فون نمبر +919871999044 ، جی رکھشت نائک لائیزن آفیسر سے فون نمبر +919643723157 اور سی ایچ چکرورتی پبلک ریلیشن آفیسر سے فون نمبر +919949351270 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے ۔1