وائرس پر قابو پانے حکومت کے سنجیدہ اقدامات، عوام کو خود حفاظت کرنے پر زور

   

چارمینار علاقہ میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ، وزیرداخلہ محمد محمود علی نے معائنہ کیا

حیدرآباد 19 اپریل (پریس نوٹ) کوویڈ ۔ 19 کے خاتمہ کے لئے تلنگانہ حکومت کافی سنجیدہ ہے جس کے لئے ہر قسم کے اقدامات اور احتیاط اختیار کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ پہلے چیف منسٹر ہیں جنھوں نے ملک بھر میں بند اور لاک ڈاؤن کا خیرمقدم کیا تاکہ تلنگانہ میں کوویڈ ۔ 19 کو روکا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے حلقہ چارمینار میں جراثیم کش ادویات ہائپو کلورائیڈ کے چھڑکاؤ کے معائنہ کے بعد کیا۔ ابتداء سے تلنگانہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر عمدہ کنٹرول کیا گیا۔ مگر حال ہی میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوا جو افسوسناک ہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت اس کی روک تھام کے لئے کافی سنجیدہ ہے۔ تلنگانہ میں زیادہ تر کورونا کے کیسیس پرانا شہر سے آرہے ہیں جس کی اہم وجہ سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنا ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا کو روکنے کے لئے حکومت کے جاری کردہ تدابیر پر عمل کریں تاکہ اس کی زنجیر کو توڑا جاسکے۔ وزیرداخلہ نے عوام کو رمضان المبارک میں گھروں میں رہ کر نماز، روزہ، افطار اور تراویح کا اہتمام کرنے پر زور دیا اور بلاوجہ گھروں سے نکلنے سے منع کیا۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں سب سے زیادہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرانا شہر میں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کافی گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔ محمد محمود علی نے کہاکہ اگر عوام سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھیں گے تو یہ وباء امریکہ، اٹلی، ایران جیسے ممالک کی صورت اختیار کرسکتی ہے۔ آخر میں اُنھوں نے یہی کہاکہ خود کی اور اپنے ارکان خاندان کی حفاظت کے لئے گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ پرانا شہر کے تمام محلوں اور گلیوں میں بھی فائر سرویسس کی موٹر سیکلوں کے ذریعہ دوا کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ اس کے استعمال سے جراثیم کو ختم کرنے میں کافی مدد ملے گی۔ ان کے مطابق پولیس انتھک کوشش کررہی ہے۔ اس لئے ان کا ساتھ دیں۔ ان کے ساتھ کسی طرح کی بدتمیزی نہ کریں۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔