وائرس کو ختم کرنے سیاسی اختلافات فراموش کردیں:امیت شاہ

,

   

دہلی کی صورتحال پر غور ۔ ٹسٹنگ بڑھانا ہوگا ۔ کُل جماعتی اجلاس میں اتفاق رائے

نئی دہلی، 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہلی کی تمام سیاسی پارٹیوں سے آج اپیل کی کہ وہ سیاست سے بالاتر ہوکر اور آپس میں متحد ہوکر کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کریں اور دارالحکومت کے عوام کے مفاد میں کام کریں۔ امیت شاہ نے آج یہاں دہلی کی تمام بڑی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ کل جماعتی میٹنگ میں کہا کہ ہم سب کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں اس عالمی وبا کے خلاف مل کر لڑنا ہے ۔ تمام جماعتوں کی یکجہتی سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور دہلی کی صورتحال جلد ہی معمول پر آجائے گی۔ میں تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ان کے کارکن دہلی کے عوام کے لئے مرکزی حکومت کے فیصلوں پر آخری سطح تک عملدرآمد کو یقینی بنائیں”۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سب کو نئے اقدامات کرکے دہلی میں کورونا کی ٹیسٹنگ بڑھانی ہوگی۔ وزیر داخلہ نے پرزور لہجے میں کہا کہ اس وقت سیاست بازی کو فراموش کرکے تمام جماعتوں کو دہلی کے عوام کے مفاد کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے ۔ تمام پارٹیوں کی یکجہتی سے لوگوں کا اعتماد بڑھے گا اور کورونا وائرس کے خلاف اس لڑائی کو اور بھی تقویت ملے گی اور جلد ہی دہلی میں صورتحال معمول پر آجائے گی۔دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا ، جو ساؤتھ بلاک میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ کے بعد باہر آئے تھے ، نے کہا کہ اجلاس میں شامل تمام رہنما دہلی کو کورونا سے نکالنے کے لئے مل کر کام کرنے پر متفق تھے ۔ گپتا نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وزیر داخلہ نے اجلاس میں بتایا کہ 20 جون تک دہلی حکومت کوویڈ 19 کی روزانہ 18000 ٹیسٹ شروع کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول زون میں ڈور ٹو ڈور کورونا ٹسٹ ہوں گے ۔ دہلی میں 242 کنٹینمنٹ زون ہیں۔ شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں دہلی بی جے پی صدر آدیش گپتا ، دہلی کانگریس کے صدر چودھری انیل کمار اور عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ اور دیگر شریک ہوئے ۔ دہلی میں کورونا انفیکشن سے متعلق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وزیر داخلہ کا یہ تیسرا اجلاس ہے ۔