حیدرآباد 2مارچ(یواین آئی)آندھراپردیش کی حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس کو ایک دھکہ پہنچاتے ہوئے میلاورم کے ایم ایل اے وسنتا کرشنا پرساد نے تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر وسابق چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کی موجودگی میں باضابطہ طور پر تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کی۔چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی کی بڑھتی طاقت کو اجاگر کرتے ہوئے کرشنا پرساد اور ان کے حامیوں کا تلگودیشم میں گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔میڈیا سے بات چیت کے دوران، کرشنا پرساد نے سماجی ترقی کیلئے فلاح و بہبود کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کی قیادت کی ستائش کی اور کہا کہ نائیڈو آندھرا پردیش کو ترقی کی طرف لے جانے ، صنعتوں کو راغب کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وائی ایس آرکانگریس حکومت سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ، کرشنا پرساد نے وائی ایس آرکانگریس حکومت کی جانب سے میلاورم حلقہ کی ترقی کے لیے فنڈس کی کمی پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ کئی بار نمائندگی کے باوجود حلقے کی ترقی کیلئے ایک روپیہ بھی مختص نہیں کیا گیا۔