آج دہلی روانہ ہوں گی ، وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کو بھی کانگریس میںضم کردیا جائیگا
حیدرآباد : /2 جنوری (سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی سربراہ شرمیلا نے اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ /3 جنوری کی شام دہلی روانہ ہوں گی اور امید ہے کہ /4 جنوری کو ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہوجائیں گی ۔ کانگریس ہائی کمان نے انہیں آندھراپردیش کانگریس صدر بنانے کی پیشکش کی ہے اور حلقہ لوک سبھا کڑپہ سے امیدوار بنانے کا بھی اشارہ دیا ہے ۔ تاہم شرمیلا آندھراپردیش کانگریس صدارت کی بجائے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری بنانے یا تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش کا اسٹار کمپنیر بنانے اور تلنگانہ میں نلگنڈہ یا کھمم سے امیدوار بنانے یا کرناٹک سے راجیہ سبھا امیدوار بنانے کا ہائی کمان پر دباؤ بنارہی ہے ۔ تاہم کانگریس نے فی الحال قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ تاہم سیاسی زاویوں کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ انتخابات سے قبل جو اطلاعات تھیں وہ اب صحیح ہونے جارہی ہیں ۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی سربراہ شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ نہ صرف شرمیلا کانگریس میں شامل ہونگی بلکہ اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم بھی کررہی ہیں ۔ /4 جنوری کو شرمیلا باقاعدہ کانگریس میں شامل ہوجائیں گی ۔ کانگریس ہائی کمان نے شرمیلا کو دہلی طلب کرلیا ہے ۔ شرمیلا نے پارٹی اہم قائدین کا اجلاس طلب کرکے فیصلے سے واقف کروایا اور تجاویز بھی حاصل کیں ۔ بعد ازاں وہ ارکان خاندان کے ساتھ ایڈو پولا پایہ کڑپہ روانہ ہوگئی ہیں جہاں وائی ایس آر گھاٹ پر آنجہانی راج شیکھر ریڈی کو خراج پیش کیا ۔ دوسری جانب آندھراپردیش کانگریس قائدین نے شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت کا خیرمقدم کرکے کہا کہ شرمیلا کو کانگریس میں جو بھی ذمہ داری دے گی ہم اس کو قبول کریں گے ۔ اور پارٹی ہائی کمان کے ہر فیصلے کا احترام کریں گے ۔ 2