وادی سلیمان میں خاتون کی مشتبہ موت

   

حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) شاہین نگر کے علاقہ وادی سلیمان میں ایک خاتون کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 26 سالہ معراج النساء فوت ہوگئی ۔ پولیس بالاپور کے مطابق معراج النساء وادی سلیمان علاقہ کے ساکن ساجد علی خان کی بیوی تھی 25 مارچ کو معراج النساء کا دیور ریاض خان متوفیہ کی والدہ کے مکان پہونچا اور انہیں اطلاع دی کہ ان کی لڑکی کی صحت بگڑ گئی ہے اور حالت تشویشناک ہے ۔ خاتون کی والدہ اپنی لڑکیوں کے ہمراہ ڈی آر ڈی او کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل پہونچی جہاں معراج النساء فوت ہوگئی تھی ۔ بالاپور پولیس نے متوفیہ کے رشتہ داروں کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور ساجد علی خان پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔