والینٹائن ڈے بے حیائی ہے : مولانا نعیم الدین حسامی

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : سراج العلماء اکیڈیمی حیدرآباد کی جانب سے منعقدہ پریس میٹ کو مخاطب کرتے ہوئے صدر حضرت مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہر قوم کا اپنا ایک کلچر ہوتا ہے جس کے ذریعے سے ان کو جانا پہچانا جاتا ہے ۔ دنیا میں دو قسم کی تہذیبیں معروف ہیں ۔ ایک مغربی اور دوسری مشرقی تہذیب ۔ ان دونوں میں بہت بڑا فرق ہے ۔ مشرقی معاشرہ میں بے حیائی کو پسند نہیں کیا جاتا ہے ۔ والینٹائن ڈے منانے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے وہ مغربی معاشرے کا حصہ ہے ۔ مسلمان لڑکے اور لڑکیاں 14 فروری کو والینٹائن ڈے مناتے ہیں جو بالکل غیر اسلامی عمل ہے ۔ موجودہ دور کی بے راہ روی کی ایک وجہ یہ ہے کہ بعض والدین اپنی ذمہ داری کو محسوس نہیں کرتے اور اپنی اولاد کو ابتداء ہی سے مذہبی تعلیم سے روشناس کروانے میں غفلت برتتے ہیں ۔ جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ جب وہ بڑے ہوجاتے ہیں تو اسلامی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے دوسروں کی تہذیب کو اپنا لیتے ہیں ۔ جو ان کو جہنم تک لے جانے کا باعث بن سکتا ہے ۔ آخر میں مولانا نے والدین سے گزارش کی ہے کہ 14 فروری کو اپنے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں پر خاص نظر رکھیں تاکہ وہ اس بے حیائی کے مرتکب نہ ہوں ۔ اس موقع پر مولانا زعیم الدین حسامی ، مولانا سہیم الدین حسامی اور قاری صمصام الدین حسامی بھی موجود تھے ۔۔