واٹس ایپ گروپ ایڈمن کو ’احمق‘ کہنا ممبر کو مہنگا پڑگیا

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں راس الخیمہ کی عدالت نے واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن کو ’احمق‘ کہنے پر گروپ ممبر کو تین ہزار درھم جرمانہ کردیا۔ متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک شخص نے عدالت سے رجوع کرکے واٹس ایپ گروپ کے ایک ممبر کی جانب سے بدکلامی کا ثبوت پیش کیا۔ مدعی نے عدالت کو گروپ میں ہونے والی چیٹ دکھائی جس میں ایک رکن نے ایڈمن کو ’تم احمق ہو‘ لکھا تھا۔ مدعی کا کہنا تھا کہ اس نے فٹ بال میچز کے حوالے سے ایک گروپ تشکیل دیا تھا جس میں میچ کے حوالے سے اپ ڈیٹ دی جاتی تھیں۔ ایڈمن کا کہنا تھا کہ گروپ میں 110 ممبران تھے جن میں میچ کے حوالے سے بات ہوتی تھی۔ مدعی نے عدالت میں بتایا کہ ملزم نے گروپ میں اس کی توہین کرتے ہوئے ’احمق‘ کا خطاب دیا جس پر اسے شدید ذہنی کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔