وجئے واڑہ ویسٹ اسمبلی اور پارلیمانی حلقوں سے سی پی آئی کے امیدواروں کو

   

کامیاب بنانے کی اپیل، جلسہ سے عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 4 مئی (پریس نوٹ) وجئے واڑۃ ویسٹ اسمبلی حلقہ کیلئے سی پی آئی کے امیدوار جی کوٹیشور راؤ اور کانگریس ۔ آئی پارلیمانی امیدوار ولوری بھارگو کی تائید و حمایت کرتے ہوئے سی پی آئی کے سابق ایم پی سید عزیز پاشاہ اور مسز ملکہ بیگم، سابق میئر وجئے واڑہ میونسپل کارپوریشن اور سابق ایم ایل سی جے ویلسن نے رائے دہندوں سے پرزور اپیل کی کہ مذکورہ امیدواروں کو بھاری اکثریت سے منتخب کریں۔ جناب عزیز پاشاہ نے بی جے پی کے 400 پار نعرہ کو مضحکہ خیز قرار دیا کیونکہ دو مرحلوں کے انتخابات کے بعد بی جے پی قائدین بشمول وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ کے فکرمند چہرے نتائج کا واضح اشارہ ہیں۔ مستقبل قریب میں دنیا کی تیسری بڑی معیشت کے بی جے پی کے دعوے اس حقیقت سے کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں کہ امریکہ کی معیشت ہندوستان سے 36 گنا بڑی ہے جبکہ جرمنی، جاپان اور چین کی معیشت بالترتیب 26، 17 اور 6 گنا بڑی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مودی کسی طریقہ سے پھر اقتدار حاصل کرلیں تو وہ دستور اور انتخابات کو بھی منسوخ کردیں گے۔ مسز ملکہ بیگم نے اسمبلی اور پارلیمنٹ کیلئے ان امیدواروں کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے پر زور دیا اور کہا کہ مودی کی تقسیم کرنے والی سیاست ملک کیلئے تباہ کن ہوگی۔ مسلمانوں کو بالخصوص دانشمندی کے ساتھ ووٹ دینا ہوگا۔ جی کوٹیشور راؤ نے بھی اس جلسہ عام سے مخاطب کیا۔ آخر میں سید افسر، صدر اے پی اسٹیٹ تنظیم انصاف نے شکریہ ادا کیا۔