وجئے واڑہ کمشنر پولیس عہدہ کا رینک گھٹادیا گیا

   

دوارکا ترومل راو کا تبادلہ ۔ بی سرینواسلو نئے کمشنر مقرر
امراوتی 13 جون ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش نے وجئے واڑہ سٹی پولیس کمشنر کے رتبہ کو انسپکٹر جنرل پولیس کے رتبہ تک گھٹا دیا ہے اور موجودہ ڈائرکٹر جنرل پولیس رینک کے عہدیدار دوارکا ترومل راو کا تبادلہ کردیا ہے ۔ موجودہ اڈیشنل کمشنر پولیس بی سرینواسلو کو وجئے واڑہ کا نیا کمشنر پولیس بناکر ترقی دی گئی ہے ۔ وجئے واڑہ میں پہلے ایک اڈیشنل ڈی جی پی رینک کے اور بعد میں ڈی جی پی رینک کے عہدیدار کو کمشنر پولیس مقرر کیا گیا تھا ۔ یہ علاقہ ریاست کے دارالحکومت علاقہ امراوتی کا حصہ تھا ۔ حالانکہ وجئے واڑہ پولیس کمشنریٹ کو توسیع دینے کا حکومت کا ارادہ تھا اور اس میں امراوتی کو شامل کیا جانا تھا تاہم گذشتہ پانچ سال سے س میں پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور اب چونکہ ریاستی حکومت نے وشاکھاپٹنم کو ایگزیکیٹیو دارالحکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے تو وجئے واڑہ کمشنریٹ کا موقف سابقہ ہی برقرار رہے گا ۔ ان حالات میں کمشنر کے عہدہ کو آئی جی پی رتبہ تک گھٹادیا گیا ہے ۔ دورکا ترومل راو کو ڈی جی پی ریلویز مقرر کیا گیا ہے کیونکہ یہ عہدہ گذشتہ پانچ ماہ سے تقرر طلب تھا ۔ وہاں این بالا سبرامنیم نے طویل رخصت حاصل کرلی تھی ۔ اب بالا سبرامنیم کو اڈیشنل ڈی جی پی ( آرگنائزیشن مقرر کیا گیا ہے حالانکہ وہ گذشتہ دیڑھ سال سے رخصت پر ہی ہیں۔