وجے کی فلم بیسٹ پر مسلم ممالک میں پابندی

   

حیدرآباد۔ اس وقت شہر کی چند بڑی خبروں میں سوپر اسٹار رام چرن اور جونیئر این ٹی آرکی فلم آر آر آر عالمی باکس آفس پر1000 کروڑ کی بمپرآمدنی حاصل کرنے کی کامیابی سرفہرست ہے ۔ اس کے بعد سوپر اسٹار تھلاپتی وجے کی فلم بیسٹ کے متعلق کئی خبریں بھی سرخیوں میں ہیں اور خاص کر مسلم ممالک میں اس فلم پر اعتراض کیا جارہا ہے اور بعض ممالک نے پابندی بھی عائد کردی ہے ۔ وہیں یش اسٹارر فلم کے جی ایف 2 کی خبروں کا بازار بہت گرم ہے ۔ فلم پہلے دن سینما گھروں میں بھاری رقم بٹورنے کے مراحل میں ہے۔آر آر آر ریلیز کے 16ویں دن ہی فلم 1000 کروڑ کلب میں داخل ہوگئی۔اب یش اسٹارر فلم کے جی ایف کے سینما گھروں میں پہنچنے میں صرف چند دن باقی ہیں۔ اس فلم نے ایڈوانس بکنگ کے زبردست اعداد و شمار حاصل کیے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ فلم ہندی باکس آفس پر صرف پہلے دن ہی تقریباً 35 کروڑ روپے کی بمپر اوپننگ کرنے والی ہے۔ساؤتھ کے سوپر اسٹار تھلاپتی وجے کی فلم بیسٹ عرف راکا پہلا جائزہ سامنے آگیا ہے۔ اوورسیز سنسر بورڈ کے رکن عمیر سندھو نے یہ فلم سنسر روم میں دیکھی۔ جس کے بعد انہوں نے فلم کی تعریف کی اور اسے پورے 4 اسٹارز سے نوازا ہے لیکن تھلاپتی وجے اسٹارر فلم بیسٹ کو لے کر مسلم ممالک میں غصہ دیکھا جارہا ہے۔ کویت میں اس فلم پر پہلے ہی پابندی لگ چکی ہے۔ اس کے بعد اب قطر میں بھی فلم پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ فلم میں دکھائی جانے والی اسلامی دہشت گردی کی وجہ سے ان ممالک میں اس پر پابندی لگا دی گئی ہے۔