کرکٹ کارناموں کی یاد تازہ، جوبلی ہلز میں کانگریس امیدوار کی بڑھتی مقبولیت
حیدرآباد ۔16۔نومبر (سیاست نیوز) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کو ورلڈکپ کے دوران انتخابی مہم میں نوجوانوں بالخصوص کرکٹ کے شائقین کی غیر معمولی تائید حاصل ہورہی ہے۔ نوجوان اور کرکٹ کے شائقین ان دنوں ورلڈکپ میچس میں مصروف ہیں اور سیمی فائنل میچس کی تکمیل کے بعد فائنل کا انتظار ہے۔ گزشتہ دنوں جب میچس کا سلسلہ جاری تھا ، اظہرالدین جوبلی ہلز اسمبلی حلقوں میں رائے دہندوں سے ملاقات کیلئے پہنچے تو نوجوانوں میں اظہرالدین کے سنہرے کرکٹ دور کی یاد تازہ ہوگئی۔ اظہر کی شاندار اننگز کی یاد تازہ کرتے ہوئے نوجوان رائے دہندوں نے اظہر الدین کا استقبال کیا اور بعض علاقوں میں اظہر سے ورلڈ کپ میچس کے بارے میں سوالات کئے گئے۔ اکثر نوجوان ورلڈکپ چمپین کے بارے میں سوال کر رہے تھے اور اظہرالدین ابتداء سے اس یقین کا اظہار کر رہے تھے کہ ہندوستان اس مرتبہ ورلڈکپ چمپین رہے گا۔ رائے دہندوں کا کہناہے کہ اظہرالدین نے کرکٹ کے میدان میں جس طرح اپنے شاندار مظاہرہ کے ذریعہ شائقین کا دل موہ لیا تھا اسی طرح میدان سیاست میں بھی وہ کامیاب ہوکر میان آف دی میچ ثابت ہوں گے۔ اترپردیش کے مراد آباد سے پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہونے والے اظہرالدین کو راہول گاندھی نے جوبلی ہلز کی عوام کی خدمت کیلئے منتخب کیا ہے ۔ جوبلی ہلز میں اقلیتی رائے دہندے فیصلہ کن موقف رکھتے ہیں تو دوسری طرف حلقہ میں نوجوان رائے دہندوں کا غلبہ رہا ہے۔ انتخابی مہم اور رائے دہی میں نوجوان اہم رول ادا کرتے ہیں۔ مجلس نے اظہرالدین کی کامیابی کو روکنے کیلئے اپنے ایک مسلم کارپوریٹر کو امیدوار بنایا ہے لیکن جوبلی ہلز کے رائے دہندوں کا احساس ہے کہ وہ ووٹ تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ اظہرالدین کو اقلیتوں کے علاوہ اکثریتی طبقہ کے رائے دہندوں کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ اظہرالدین روزانہ صبح اور شام گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کر رہے ہیں اور انہیں دیکھتے ہی بیشتر افراد کرکٹ کی یادیں تازہ کر رہے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ میدان کرکٹ کا کھلاڑی سیاست کے میدان میں بھی کامیابی کے جوہر دکھائے گا۔