دبئی۔ ٹی20 ورلڈکپ2022 کی تیاریوں کا آغازہوگیا ہے جب کہ آئندہ ماہ ورلڈ کپ 2022کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے سال آسٹریلیا میںمقرر ٹی 20 ورلڈ کپ کا مکمل شیڈول21 جنوری کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، مجموعی طور پر 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا کے 7 میدانوں پر 45 میچز کھیلے جائیں گے، ان میں ایڈیلیڈ، برسبین، جیلونگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی شامل ہیں۔ آسٹریلیا اپنے گھریلو میدانوں پرخطاب کا دفاع کریگا جو اس نے دبئی میں کھیلے گئے رواں برس کے ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دیکرجیتا تھا۔آئی سی سی کے مطابق مینز ٹی20 ورلڈ کپ اب صرف 11 ماہ کی دوری پرہے۔ مکمل شیڈول 21 جنوری کو جاری کیا جائے گا۔ ٹکٹوں کی فروخت 7 فروری سے شروع ہوگی۔ورلڈ کپ 2022 کا فائنل مصنوعی روشنیوں میں میلبورن کرکٹ گراونڈ پر 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز کی میزبانی سڈنی اور ایڈیلیڈ اوول بالترتیب 9 اور 10 نومبر کو کریں گے۔