ورلڈ کپ : افغانستان نے نمیبیا کو 62 رنز سے ہرا یا

   

ابوظبی : آئی سی سی مینس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغانستان نے آج نمیبیا کو 62 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کے خلاف سخت مزاحمت کرنے کے دو روز بعد افغانستان نے بڑے اسٹیج پر اپنے تجربے کو ثابت کیا جو نمیبیا کیلئے ناکام کرنا ممکن نہ ہوا۔ افغانستان کے سب سے کامیاب ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کیپٹن اصغر افغان کو جیت کے ساتھ ریٹائرمنٹ لینے کا موقع فراہم ہوا جبکہ ٹیم نے تین میچوں میں اپنی دوسری جیت کے ساتھ گروپ 2 میں مسابقت کو کھلا رکھا ہے۔ ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے نمیبیاکیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 160/5 اسکور کئے۔ محمد شہزاد نے 45 اور حضرت اللہ زازئی نے 33 رنزبنائے جبکہ محمد نبی نے 32 رنز (ناٹ آؤٹ) اور اصغرافغان نے 31 رنزبنائے۔ نمیبیا کیلئے جوبین نے 2 اور اسمت نے1 وکٹ حاصل کی۔ 161 رنز کے ٹارگٹ پر نمیبیا 98/9 تک محدود رہا۔ ڈیوڈ ویزے 26 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ افغانستان کیلئے نوین الحق اور حامد حسان نے 3، 3 وکٹیں حاصل کئے جبکہ گلبدین نائب نے 2 اور راشد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 33 سالہ اصغر کا یہ 74 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوا۔ انہوں نے 2009ء سے اس فارمٹ میں 21.79 کی اوسط اور 110.37 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1351 رنز بنائے ہیں۔