ورلڈ کپ بدعنوانیوں سے پاک ٹورنمنٹ ہوگا:آئی سی سی

   

لندن۔25 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈکپ بدعنوان عناصر سے پوری طرح محفوظ ہوگا کیونکہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ الیکس مارشل کے مطابق بھرپورتیاری کی ہے۔ دنیا میں 12 اسے افراد کی شناخت کی گئی ہے جو ایسی کوشش کرسکتے ہیں۔لندن میں میڈیا کانفرنس کے دوران انہوں نے دلچسپ انکشاف کیا کہ میں نے ذاتی طور پر اور وکلا کی مدد سے ای میل، ٹیلی فون اور واٹس ایپ کے ذریعے گفتگو کرکے انہیں انتباہ دیا ہیکہ ورلڈکپ کے دوران انگلینڈ آنے کی کوشش بھی نہ کریں، انہیں کہیں دیکھا گیا تو دھر لیا جائے ، ان میں چند لوگوں نے جواب دیا ہے کہ وہ انگلینڈ نہیں آئیں گے لیکن بدعنوان افراد کی بات پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا، وہ ز بان سے پھر بھی سکتے ہیں اس لیے اے سی یو کو متحرک اور فعال رہنا ہوگا۔ میں کسی کو جہاز پر سوار ہونے سے روک نہیں سکتا ہے لیکن انہیں یہ پیغام ضرور دے سکتا ہوں کہ اگر انہیں کھلاڑیوں کے آس پاس دیکھا گیا تو دوبارہ باہر نکال دیا جائے گا، ہم نے جن کی شناخت کی ہے ان کی تصاویر اور معلومات ٹیموں، پولیس اور برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کو فراہم کردیہیں۔ اینٹی کرپشن آفیسر ٹورنمنٹ کے دوران ہر وقت ٹیموں کے ساتھ رہے گا، ہمارے منیجرز ہر حال میں مختلف ٹیموں کے ساتھ سفر کرتے رہے ہیں۔ وہ پلیئرز اور کوچز کو اچھی طرح جانتے ہیں، سب ایک دوسرے سے واقف ہوچکے ہیں اس لیے اگر سٹے بازوں نے کسی سے رابطہ کیا تو میرا خیال ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی ہمیں اس کی رپورٹ کرنے ہرگز نہیں ہچکچائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں ہند۔پاک مقابلے کے دوران ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر مسلح سکیورٹی افسران تعینات کئے جائیں گے جبکہ خاص طور پر اس میچ کیلئے سکیورٹی عہدیداروں کی تعداد میں بھی اضافے سمیت میدان کے ارد گرد کی آبادی میں افرادکی آمد و رفت کی نگرانی کی جائے گی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ونڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دنیا بھر کے کرکٹ شائقین فکر مند ہوگئے تھے کہ ورلڈکپ بھی کہیں خراب موسم سے متاثر نہ ہو لیکن اچھی خبر ہے کہ ایسا ہونے کا امکان بہت کم ہے۔ورلڈ کپ کے دوران موسم کے خوشگوار ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔