نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے چیف سوروگنگولی نے ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی پرکہا کہ میرے خیال میں یہ ہمارے لیے سب سے بدترین ورلڈ کپ رہا ہے۔ہندوستان کو ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ سے ابتدائی دو میچزمیں ناکامی کا سامنا رہا تھا پھر اگرچہ انھوں نے افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کیخلاف فتوحات سمیٹی لیکن ان کی سیمی فائنل میں رسائی ممکن نہیں رہی تھی۔سابق کپتان نے تسلیم کیا کہ جس انداز میں ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں ہماری ٹیم کھیلی وہ تھوڑا مایوس کن رہا میں اسے گزشتہ چار سے پانچ برسوں کی خراب ترین کارکردگی خیال کرتا ہوں۔یادر ہے کہ متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کو خطاب کیلئے سب سے مضبوط دعویدار تصور کیا جارہا تھا لیکن دونوں ہی ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی سے محروم رہی ۔