ورلڈ کپ ہندوستانی ٹیم نے جیتا تھا،برہم گمبھیر کا جواب

   

نئی دہلی۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ2011 کے فائنل میں مہندر سنگھ دھونی کے تاریخی چھکے کے ذکر پر ٹیم کے سابق کھلاڑی گوتم گمبھیر شدید برہم ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ پورے ٹیم تعاون سے جیتا گیا تھا۔ہندستان نے نوسال پہلے آج ہی کے دن سری لنکا کو ممبئی میں شکست دے کر28 سال کی خطابی خشک سالی کو ختم کیا تھا اور خطاب جیتا تھا۔ دھونی نے نوان کلا سیکراکی گیند پر چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح دلائی تھی اور اس فاتح چھکے کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے ۔کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این نے ٹویٹ کر کے کہا کہ آج ہی کے دن ایک شاٹ نے ہندوستان کے لوگوں کو جشن منانے کا موقع دیا تھا۔اس پرگمبھیر نے تلخ انداز میں ٹویٹ کرکے کہاکہ آپ کو یاد دلا دوں کہ2011 ورلڈکپ کا خطاب ہندوستان ، ہندستانی ٹیم اور معاون عملہ نے مل کر جیتا تھا۔وقت آ گیا ہے کہ آپ ایک چھکے سے اپنا لگاؤکم کرلیں۔یاد رہے کہ کپتان مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے آج ہی کے دن نو سال پہلے 28 سال کی خشک سالی کا خاتمہ کرتے ہوئے سری لنکا کو شکست دے کر عالمی کپ جیتا تھا۔ٹیم انڈیا نے2011 آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں سری لنکا کو انتہائی دلچسپ مقابلے میں چھ وکٹ سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔ ممبئی میں ہوئے فائنل میں سری لنکا نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے50 اوور میں چھ وکٹ پر274 رنز بنائے ۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے48.2 اوور میں چار وکٹ پر277 رنز بنا کر خطاب اپنے نام کیا۔اس خطاب کی تلاش ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ملک کے عوام کو بھی برسوں سے تھی اور دھونی نے نوان کلا سیکراکی گیند پر چھکا لگا کر ہندوستان کی عالمی کپ کے خطاب کے لئے جاری 28 سال کی خشک سالی کوختم کیا اور ٹیم کو عالمی فاتح بنا دیا۔یہ جیت ٹیم کے ساتھ ٹیم کے سب سے سینئر کھلاڑی سچن تندولکر کے لئے بھی کافی اہم تھی۔ یہ ان کے کیریئرکا چھٹا اور آخری ورلڈکپ تھا۔ فائنل میچ سچن کے گھریلو میدان ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہوا تھا۔ ہندوستان نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی اور اس کے ساتھ ہی فائنل میں جگہ یقینی کی۔فائنل میں سری لنکا کی جانب سے مہیلا جے وردھنے نے سب سے زیادہ ناقابل شکست 103 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچا دیا۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس کی اوپنر جوڑی سچن اور سہواگ محض 31 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ اس کے بعد گوتم گمبھیر نے پہلے ویراٹ کوہلی اور اس کے بعد دھونی کے ساتھ مل کر اننگزکو سنبھالا اور ٹیم کو جیت کی دہلیز پر پہنچا دیا۔گمبھیر اگرچہ اپنی سنچری مکمل نہیں کرسکے اور97 رنز پر آؤٹ ہوگئے ۔