ورنگل میں شدید بارش سے نشیبی علاقے زیر آب

,

   

سینکڑوں افراد کا تخلیہ ۔ ریلیف کیمپس کو منتقلی
حیدرآباد۔ سابقہ متحدہ ضلع ورنگل بشمول ورنگل شہر ‘ ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ میں شدید سے بہت زیادہ شدید بارش ریکارڈ کی گئی اور کئی نشیبی علاقے آج زیر آب آگئے ۔ سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا اور ورنگل شہر کے علاوہ نرسم پیٹ ٹاون میں ریلیف مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ورنگل رورل ضلع میں نلا بیلی منڈل میں سب سے زیادہ 27.02 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو ریاست میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس کے علاوہ شیام پیٹ منڈل ورنگل رورل ضلع میں 23.50 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ آتما کور میں 21.34 سنٹی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں ہنمکنڈہ اور حسن پرتی منڈلوں میں جو گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے حدود میں آتے ہیں21.22 سنٹی میٹر اور 21.08 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر نے مئیر گنڈا پرکاش راو اور ورنگل اربن کلکٹر راجیو گاندھی کے ساتھ زیر آب آئے علاقہ امبیڈکر نگر ‘ کاکتیہ کالونی ‘ سامیا نگر اور دوسرے علاقوں کا دورہ کیا ۔ وڈیرا کالونی سے تعلق رکھنے والے تقریبا 250 افراد کو ریلیف مراکز کو منتقل کیا گیا ہے ۔