ورنگل میں صبح6بجے سے قبل‘ رات 10بجے کے بعد لاوڈ اسپیکر ‘ ڈی جے بجانے پرپولیس کا سخت انتباہ

   

حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) ضلع ورنگل میں پولیس کمشنر پی وی رنگاناتھ نے شہریو ںکو صبح 6بجے سے قبل اور 10 بجے رات کے بعد لاؤڈ اسپیکر ‘ ڈی جے کے علاوہ آتش بازی کیخلاف سخت قانونی کاروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوتا ہے تو اس کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔ پولیس کمشنر نے صحافتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ رات کے اوقات میں اونچی آواز میں لاؤڈ اسپیکر یا ڈی جے کے استعمال کے سبب ضعیف العمر شہریوں ‘ امتحانات کی تیاری کرنے والے طلباء اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسی لئے محکمہ پولیس نے رات 10 بجے کے بعد اور صبح کی اولین ساعتوں میں لاؤڈ اسپیکر اور ڈی جے کے استعمال پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اس قانون کی خلاف ورزی پر 100 نمبر پر فون کرتے ہوئے شکایت درج کروائیں تاکہ اس قانون کی خلاف ورزی کے مرتکبین کیخلاف کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہو ں نے بتایا کہ انہیں رات دیر گئے ڈی جے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے سبب ضعیف العمر شہریوں اور مریضوں کوہونے والی تکالیف کی متعدد شکایات پر قانون نافذ کر رہے ہیں۔