ورنگل میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

   

ورنگل ۔ گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے 21ویں ڈویژن کا رپوریٹر محمد فرقان نے کہا کہ بہتر صحت سے ہی صحت مند معاشرہ کی تشکیل ممکن ہے ۔کارپوریٹر فرقان نے آج محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت کی جانب سے ایل بی نگر میں مقامی عوام کے لئے مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا ۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ آج کا نوجوان سیل فونس دیکھنے میں اپنا قیمتی وقت ضائع کررہا ہے ۔رات دیر گئے تک جاگ رہے ہیں اور دن میں تاخیر سے اٹھ رہے ہیں اسی طرح نوجوان طبقہ کی اکثریت گٹھکا ،زردہ ،تمباکو ،مئے نوشی اور دیگر غیر ضروری عادتوں میں ملوث ہوکر اپنی بہتر صحت کو خراب کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ تندرستی ہزار نعمت ہے ۔اس لئے ضروری ہے کہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھا جائے ۔روزانہ کثرت کو اپنا معمول بنائیں اور صحت مند رہیں ۔انہوںنے مزید کہا کہ اس مفت طبی کیمپ سے مقامی سینکڑوں افراد جن میں مرد ،عورت اور بچے شامل تھے استفادہ کیا اور انہیں ڈاکٹر کی تفویض کردہ ادویات فراہم کی گئیں ۔انہوںنے کہاکہ اس ڈویژن میں ہر ماہ مقامی عوام کے لئے مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے ۔اس موقع پر میڈیکل عملہ کے علاوہ مقامی ٹی آر ایس قائدین و رکارکن موجود تھے ۔